’’پدماوت‘‘ سے ’’زیرو‘‘ تک

اس میں کوئی شک نہیں کہ بولی وڈ کے لیے گذشتہ سال یعنی 2017خاصا مایوس کن ثابت ہوا تھا۔


Mirza Zafar Baig January 21, 2018
اس بلاک بسٹر فلم میں دیپیکا پاڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے اپنی فن کارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ہیں۔ فوٹو : فائل

ہر سال کی طرح 2018 میں بھی بولی وڈ کی نگری میں بہت سی فلمیں ریلیز ہوں گی، تاہم ان میں سے کچھ ہی فلمیں امکان رکھتی ہیں کہ ان میں فلم بینوں کے لیے کچھ نیا ہوگا۔

بولی وڈ کے فلم ساز اس سال آنے والی اپنی فلموں کے لیے بڑی پلاننگ کرر ہے ہیں اور ایسی فلمیں پیش کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں جو باکس آفس پر دھوم مچادیں گی۔اور خود کو سال کی بہترین اور سب سے بڑی فلمیں تسلیم کروالیں گی۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ بولی وڈ کے لیے گذشتہ سال یعنی 2017خاصا مایوس کن ثابت ہوا تھا، اس سال کے دوران 250سے زائد فلمیں ریلیز ہوئی تھیں جن میں سے صرف ''ٹائیگر زندہ ہے'' (80 ملین امریکی ڈالرز) ''رئیس'' ( 49ملین امریکی ڈالرز) اور ''گول مال اگین'' (49ملین امریکی ڈالرز) بلاک بسٹر ہٹ فلمیں ثابت ہوئیں اور اب یہ سال یعنی 2018میں تو بلاک بسٹر فلموں کی پوری فصل آرہی ہے ، ایسے میں یقینی طور پر تمام فلمیں ہی بولی وڈ کے باکس آفس پر دھوم مچانے کا امکان رکھتی ہیں۔

بولی وڈ کے تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ اس دوران جن فلموں کے درمیان اصل مقابلہ رہے گا، ان میں دیپیکا پاڈوکون کی فلم ''پدما وت'' عامر خان کی فلم ''ٹھگز آف ہندوستان''، شاہ رخ خان کی فلم ''زیرو'' اور رجنی کانت کی فلم''2.0'' شامل ہیں جن کے درمیان زبردست مقابلہ ہوگا۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ راج کمار ہیرانی کی فلم ''سنجو'' بھی ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کام یاب رہے گی اور وہ بھی ایک طاقت ور فریق کی حیثیت سے نظر انداز نہیں کی جاسکے گی۔

اس تحریر میں یہ جائزہ لیا گیا ہے کہ بولی وڈ کی وہ کونسی اہم فلمیں ہوں گی جن سے آنے والے وقت میں بہت زیادہ توقعات وابستہ کی جارہی ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ان میں سے کچھ فلموں میں بولی وڈ کے نہایت باصلاحیت فن کار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے:

٭ ''پدماوت'': اس بلاک بسٹر فلم میں دیپیکا پاڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے اپنی فن کارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ہیں۔ یہ ایک صوفی شاعر ملک محمد جائسی نظم ''پدماوت'' کا غنائیہ ورژن ہے۔ اصل میں یہ چودھویں صدی کی ایک ہندو رانی پدمنی کی زندگی کی عکاسی کرتی ہے، اس رانی نے خود کو مسلم فاتح کی قید میں دینے کے بجائے خود خود کو آگ میں جلاکر ہلاک کرلیا تھا۔

اس فلم کو پہلے ''پدماوتی'' کا عنوان دیا گیا تھا، لیکن ان اطلاعات کے سامنے آنے کے بعد کہ اس فلم دکھایا گیا ہے کہ رانی پدمنی مسلم فاتح کی محبت میں مبتلا ہوجاتی ہے اور اس کے اور مسلم فاتح کے رومانی مناظر بھی فلم کا حصہ ہیں، ہندو انتہاپسندوں نے فلم کے خلاف احتجاج شروع کردیا اور فلم کے سیٹس پر حملے بھی کیے گئے۔ اسی دوران ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے فلم کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی اور فلم کی ہیروئن دیپیکا کو بھی دھمکیاں دی گئیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اگر کہیں بہت سارے لوگ جمع ہوجائیں اور وہ اس فلم میں کام کرنے والے نامی گرامی فلم اسٹارز کے لیے بھی خطرے کا سبب بننے لگیں تب بھی وہ اس اسٹار پاور کے سامنے نہیں ٹھہر سکیں گے۔

اب یہ فلم ''پدماوت'' کے نام سے 25جنوری 2018کو ریلیز ہونے جارہی ہے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ ''دیوداس''، '' رام لیلا'' اور ''باجی راؤ مستانی'' کے ذریعے بھنسالی نے خود کو دور جدید کا ایک منفرد اور بے مثال ہدایت کار ثابت کردیا ہے۔ وہ کام کی جدید تیکنیک سے بھی واقف ہے اور اس نے فلم کے ہر ہر منظر کی اتنی مہارت سے عکس بندی کی ہے کہ اس میں لوگ کھوکر رہ جائیں گے۔ایک جانب یہ فلم اگر تشدد کے مناظر لیے ہوئے ہے تو دوسری جانب محبت کا مزہ بھی دیتی ہے۔ اس میں بہت سی خوبیوں اور صفات کو بھنسالی نے جس مہارت کے ساتھ یکجا کیا ہے، اس کا جواب نہیں، یقینی طور پر یہ انضمام فلم بینوں کو بہت پسند آئے گا۔ اس کی فلم بندی، نہایت زرق برق ملبوسات، نہایت پرکشش سیٹ، جنگی مناظر یہ سب وہ چیزیں ہیں جنہیں فلم بیں کبھی بھول نہیں سکیں گے۔ہم نے پچھلی بار بھی دیکھا ہے کہ جس طرح سنجے لیلا بھنسالی نے اپنی آخری دو فلمیں لگاتار ٹاپ پر پہنچائیں اسی طرح ایسا لگ رہا ہے کہ اس بار ''پدماوت'' ان کے لیے ایک نہایت آسان ہدف ثابت ہوگی، اندازہ لگایا جارہا ہے کہ یہ فلم 150 ملین امریکی ڈالر تک کمانے میں کام یاب ہوجائے گی۔

٭زیرو: شاہ رخ خان جو اس وقت اپنے فن کی بلندیوں پر ہیں، وہ اس فلم میں ایک بونے کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ اس وقت وہ اپنی عمر کی پچاس کی دہائی میں ہے اور بولی وڈ کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا اداکار ہے اور وہ آنند لا رائے کی ''زیرو'' میں سارے ریکارڈ توڑنے جارہا ہے۔حالیہ فلموں میں ''ڈیئر زندگی''، ''رئیس'' اور ''فین'' میں شاہ رخ خان نے اپنے اسٹائل میں کچھ دھیماپن پیدا کیا ہے اور اب وہ پہلے کی نسبت ہلکے پھلکے اور سنجیدہ کردار کررہا ہے۔''زیرو'' میں فلم بینوں کو شاہ رخ خان ایک نئے چہرے اور نئے روپ میں دکھائی دیں گے۔ اگر ایسا نہیں بھی ہوتا تو جسمانی طور پر اس کی ایک بونے کے روپ میں منتقلی اسے آنے والے سال میں بہت سے ایوارڈز کا حق دار ضرور بنادے گی۔ واضح رہے کہ ''زیرو'' دسمبر میں ریلیز ہوگی۔ شاہ رخ کی گذشتہ فلم ''رئیس'' نے 49 ملین امریکی ڈالر کمائے تھے اور اب ''زیرو'' بولی وڈ کے بعض تجزیہ کاروں کے مطابق 90ملین امریکی ڈالرز کے قریب کمائے گی اور یہ مجموعی کمائی پوری دنیا میں ملاکر ہوگی۔

ریڈ چلیز پروڈکشنز شاہ رخ خان کا اپنا ذاتی پروڈکشن ہاؤس ہے اور وہ اپنی اس فلم کی پروموشن اور پبلسٹی کے لیے فلم بینوں کی توقع سے بھی بڑھ کر کریں گے۔ یہ فلم محض ایک رومانی ڈراما ہی نہیں ہوگی بلکہ بہت کچھ ہوگی چناں چہ خان اس کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور اس کی کام یابی کے لیے ہر ممکن حد تک جائیں گے۔

٭ ''سنجو'' : Biopics آج کل بولی وڈ میں ٹاپ پر ہیں۔ رنبیر کپور نے ہدایت کار راج کمار ہیرانی کے ساتھ مل کر اپنے طور پر نوے کے عشرے کے سپر اسٹار سنجے دت کو بھی اس فلم میں شامل کیا ہے۔ یہ فلم سنجے دت کے افیئرز، ان کی منشیات کی لت، زیر زمین عناصر سے ان کے مراسم اور پھر ان کی زبردست کام یابیوں کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ اس فلم کے لیے رنبیر کپور نے اپنی جسمانی ہیئت بدلی ہے، اس نے داڑھی بھی بڑھائی ہے اور ناخن بھی، ا س کا کہنا ہے:''ہم سنجے دت کی انسانی صفات بھی دکھانا چاہتے ہیں، اس کے ہنگامے، اس کا زوال، اس کی لڑنے کی خواہش، ہر چیز کو ہم کور کریں گے۔''biopic Sanju میں رنبیر کپور سنجے دت کا کردار نبھائے گا۔ فلم میں بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ یہ biopic نہ صرف سنجے دت کی اصل زندگی کی سچائی پیش کرے بلکہ سنجے دت کے زندگی کے مختلف پہلوؤں کو بھی پیش کرے گی۔ یہ فلم 29جون تک ریلیز ہوجائے گی۔ اس فلم سے ہونے والی آمدنی کی توقعات بہت زیادہ ہیں۔ یہ ہیرانی کی ایک ایسی فلم ہوگی جس میں کوئی کمی نہیں ہوگی، بلکہ یہ فلم آگے کے لیے بھی اس ہدایت کار کے لیے نئے راستے کھولے گی۔ یہ توقع کی جارہی ہے کہ یہ فلم سو ملین کلب میں شامل ہوجائے گی اور اگر ایسا ہوا تو کہ فلم "3 Idiots" اور ''پی کے'' کے ریکارڈ توڑ ڈالے گی۔

٭ ''ٹھگس آف ہندوستان'':عامر خان اور امیتابھ بچن ایک ایسی فلم میں ایک ساتھ جلوہ گر ہورہے ہیں جس کی کہانی فلپ میڈوز ٹیلر کے 1839 کے ایک ناول "Confessions of a Thug" کی بنیاد پر لکھی گئی ہے۔ یہ کہانی ڈاکوؤں کے ایک گینگ کی ہے جو انڈیا میں برطانوی حکومت کے لیے ایک بہت بڑا خطرہ بن گیا تھا۔اس میں سب سے اہم اور دل چسپ بات یہ ہے کہ وجے کرشنا آچاریہ نے اس کہانی کو اسکرین کے لیے کس طرح تیار کیا ہے۔حال ہی میں امیتابھ بچن نے اس فلم کی شوٹنگ کے حوالے سے بتایا کہ ان کا شیڈول خاصا سخت تھا۔ ایکشن اور ایڈونچر پر مبنی اس فلم کی عکس بندی تھائی لینڈ میں کی گئی تھی۔ اس فلم کے بارے میں زیادہ تفصیلات منظرعام پر نہیں آسکیں۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ ''پی کے'' اور ''دنگل'' کے بعد یہ عامرخان کا ایک نیا ایڈونچر ہے جس کے بارے میں توقع کی جارہی ہے کہ سابقہ فلموں کی طرح یہ فلم بھی بولی وڈ میں جدت لائے گی اور فلم بینوں کے لیے تفریح کا ایک بہت منفرد تجربہ ہوگی۔ فلم بین عامر خان کی اس فلم کی طرف دوڑیں گے اور اس سے لطف اندوز ہوں گے۔ توقع ہے کہ یہ فلم نومبر تک آجائے گی۔اگر یہ ویسی ہی رہی جیسی کی اس سے توقع کی جارہی ہے، کیوں کہ یہ فلم ایک نہایت تجربہ کار اور تخلیقی ٹیم کے ہاتھوں میں ہے، تو امید ہے کہ یہ فلم بینوں کی توقع سے بڑھ کر ثابت ہوگی۔ لوگ نہ صرف اس فلم کو شوق سے دیکھیں گے بلکہ بار بار دیکھنا پسند کریں گے۔خان اور بچن کی مشترکہ اسٹار پاور کے ساتھ یہ فلم نہایت کام یاب ثابت ہوگی۔ امید کی جارہی ہے کہ یہ فلم 200 ملین امریکی ڈالرز سے بھی زیادہ تک کا ہدف حاصل کرنے میں کام یاب ہوجائے گی۔

٭ '2.0': یہ فلم اصل میں 2010 کی فلم ''روبوٹ'' کا سیکیول ہے جسے ہدایت کار ''شنکر'' پیش کرنے جارہے ہیں۔ "2.0" میں رجنی کانت نے سائنس داں Chitti کا کردار نبھایا ہے اور وہ اپنے مقابل اکشے کمار سے ملتے ہیں جو فلم میں منفی کردار ادا کر رہے ہیں۔اس فلم کی تیاری پر زبردست لاگت آئی ہے جو 45 ملین امریکی ڈالر سے بھی زیادہ ہے، اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اکشے کمار نے تامل سنیما میں کس شان سے قدم رکھا ہے۔یہ فلم 27اپریل کو ریلیز ہونے جارہی ہے اور فلم بینوں کو اس فلم سے بہت زیادہ توقعات ہیں۔ اگر ''روبوٹ''کے اس سیکیول نے مقبولیت برقرار رکھی تو امید ہے کہ یہ فلم 206 ملین امریکی ڈالر تک کمانے میں کام یاب ہوجائے گی۔ رجنی کانت اور اکشے کمار دونوں مل کر یہ ضمانت دینے کو تیار ہیں کہ یہ فلم 2018کی سب سے زیادہ کمانے والی فلم بن جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں