عمران خان کا بشریٰ بی بی کے مشورے پر صوبائی حکومت تحلیل نہ کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی اسمبلیوں سے استعفوں کا کارڈ سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اچانک استعمال کرے گی، ذرائع


عامر خان January 23, 2018
پی ٹی آئی اسمبلیوں سے استعفوں کا کارڈ سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اچانک استعمال کرے گی، ذرائع۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے عوامی تحریک کے ن لیگ مخالف احتجاج کے دوران خیبر پختونخوا حکومت کو تحلیل کرنے کے آپشن پر عمل در آمد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کی قیادت میں سینیٹ ،قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے اپنے ارکان کو استعفیٰ دلانے کے آپشن پر بھی اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔عمران خان نے پارٹی کی مرکزی وتمام صوبائی قیادت کو عام انتخابات کیلیے ''عوامی رابطہ مہم '' کا شیڈول تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے جب کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں نے پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کے معاملے کی مخالفت کردی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ عمران خان موجودہ سیاسی صورتحال پر مربوط حکمت عملی کے تعین کیلیے اپنی پیرنی ''بشریٰ بی بی '' سے بھی مشاورت کررہے ہیں۔ عمران خان کو ان کی پیرنی نے رائے دی ہے کہ '' تحریک انصاف عام انتخابات کی تیاریوں کیلیے عوامی رابطہ مہم '' کو تیز کرے اور اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کے آپشن پر عمل درآمد سیاسی حالات کو دیکھ کر کیا جائے '' تاہم اس مشاورت پر پی ٹی آئی کے اہم رہنما لاعملی کا اظہار کررہے ہیں۔

دوسری جانب عمران خان نے اپنی پیرنی اس رائے کے سامنے آنے اور پارٹی کے اہم رہنماؤں سے مشاورت کے بعد فوری طور پر پارلیمنٹ اور اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کے آپشن پر عمل در آمدعارضی طور پر روک دیا ہے جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کے آپشن کاکارڈ سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اچانک استعمال کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔