انڈر 16 ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کی آج شروعات

چاروں صوبوں سندھ، پنجاب، کے پی کے، بلوچستان اور فیڈرل کی ٹیمیں شامل


پی سی بی کے تحت قومی ایونٹس میں ڈرافٹنگ کی طرز پر اس ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں میں بھی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کے تحت قومی انڈر16 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ جمعرات سے شروع ہو رہا ہے۔

لاہور میں شیڈول ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں ان میں چاروں صوبوں سندھ، پنجاب، بلوچستان اورخیبر پختون خوا کے ساتھ فیڈرل کیپٹل کی ٹیم بھی شامل ہے، بورڈ کی جانب سے تشکیل دی جانے والی ان ٹیموں میں علاقائی کھلاڑیوں کے ساتھ دیگر مقامات سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز کو جگہ دی گئی ہے۔

پی سی بی کے تحت قومی ایونٹس میں ڈرافٹنگ کی طرز پر اس ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں میں بھی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، ایونٹ میں شریک ہر ٹیم 14 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، بلوچستان کی ٹیم میں سب سے زیادہ یعنی 6 کھلاڑیوں کا تعلق اس صوبے سے نہیں۔

بہاولپور ریجن کے 4 کرکٹرز ایم عامر، ایم فیضان، اسامہ میر اور ایم عامر کے ساتھ سیالکوٹ کے حسان علی اور ایبٹ آباد کے عادل نواز بھی بلوچستان کی ٹیم کاحصہ بنائے گئے ہیں جب کہ فیڈرل کیپٹل کی ٹیم میں بھی دیگر علاقوں کے 6 کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں جن میں آزاد جموں و کشمیر کے 3 کھلاڑیوں ثقلین جیلانی، شان خان اور زمان خان کے ساتھ حیدر آباد کے 2 کرکٹرز رضوان اور ایم یاسر کے علاوہ فاٹا کے احسان اللہ بھی شامل ہیں۔

پنجاب کی ٹیم میں شامل صرف ایک کھلاڑی بلال شاہ کا تعلق صوبے سے نہیں، ایبٹ آباد کے بلال شاہ کو اس ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، اسی طرح سندھ کی ٹیم میں بھی ایک کھلاڑی کا تعلق صوبے سے نہیں ہے، ملتان کے محمد ارتضیٰ سندھ اسکواڈ کا حصہ بنائے گئے ہیں۔

سندھ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، سید علی نسیم، مبشر نواز، ایم شارق، کاشف علی، شہریار رضوی، علیان محمود، سعد بن یوسف (کراچی)، محمد کیف اور محمد عمر (لاڑکانہ)، عدیل میو، سلمان خان اور اسد عارف (حیدر آباد) بھی شامل ہیں، ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز 2 میچز شیڈول ہیں، سندھ کی ٹیم کا مقابلہ پنجاب سے ہوگا۔

دوسرے میچ میں ایل سی سی اے گراونڈ پر کے پی کے کی ٹیم کو بلوچستان سے مقابلہ کرنا ہے جب کہ ایونٹ کا فائنل 31 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں