الیکشن کمیشن کے احکام نظر انداز سرکاری دفاتر پر سیاسی جماعتوں کےجھنڈے بدستور آویزاں

سڑکوں اور چوراہوں سے بینرز، پوسٹرزسائن بورڈز اور سیاسی رہنماؤں کی بڑی بڑی تصاویر اور وال چاکنگ بھی نہیں ہٹائی جا سکی


Nama Nigaran March 26, 2013
ٹنڈوالہیار کے مین بس اسٹاپ پر واقع لیاقت گیٹ پر بھی مختلف سیاسی، مذہبی و سماجی تنظیموں کے جھنڈے اور تصاویر آویزاں ہیں جو الیکشن کمیشن کے احکام کی سراسر خلا ف ورزی ہے۔

سرکاری افسران نے الیکشن کمیشن کے احکام نظر انداز کر دیے ، مختلف اضلاع کے سرکاری دفاتر اور چوراہوں پر مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے جھنڈے، بینرز، پوسٹرز ، سائن بورڈز اور جگہ جگہ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں کی بڑی بڑی تصاویر بدستور آویزاں ہیں۔

جبکہ مختلف مقامات پر تاحال وال چاکنگ کو وائٹ واش نہیں کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن پاکستان نے ملک بھر میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی تصاویر، سائن بورڈز، اسٹیکرز اور وال چاکنگ ہٹانے کے احکامات جاری کیے تھے تاہم ٹنڈوالہیار میں مختلف سیاسی جماعتوں کے دفاتر میں مرکزی اور صوبائی رہنماؤں کی تصاویر کے سائن بورڈ آویزاں ہیں اور شہر بھر سے کسی بھی جماعت کے بینرز، پوسٹرز اور سائن بورڈز کو نہیں ہٹایا گیا ہے۔



دوسری جانب ٹنڈوالہیار کے مین بس اسٹاپ پر واقع لیاقت گیٹ پر بھی مختلف سیاسی، مذہبی و سماجی تنظیموں کے جھنڈے اور تصاویر آویزاں ہیں جو الیکشن کمیشن کے احکام کی سراسر خلا ف ورزی ہے۔ادھر بدین میں بھی سیاسی جماعتوں اورانتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے پینا فلیکس،پمفلٹ،پوسٹر اور جھنڈے اتارنے کے حکم پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔

تعلقہ میونسپل اور الیکشن کمیشن نے بھی کوئی سرگرمی نہیں دکھائی جبکہ بدین شہر میں شاہ نواز چوک ،مہران چوک،ڈی سی او چوم،قاضیا چوک اور اللہ چوک سمیت دیگر سڑکوں اور علاقوں میں تاحال سیاسی پارٹیوں کے بڑے بڑے سائن بورڈ پارٹی رہنماؤں کی تصویروں کے پینا فلیکس ہرجگہ نظر آتے ہیں، اس کے علاوہ پارٹیوں کے جھنڈے بھی بدستور لگے ہوئے ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں