محکمہ موسمیات وزارت اور ایوی ایشن ڈویژن آمنے سامنے

وفاقی سیکریٹریزکی کمیٹی تشکیل،ماہرین شامل کیے جائیں،ایوی ایشن ڈویژن


شبیر حسین January 30, 2018
وزارت موسمیاتی تبدیلی کی محکمہ کوماتحت کرنے کے لیے سمری ارسال۔ فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات کو ماتحت ادارہ بنانے کے معاملے پر وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ایوی ایشن ڈویژن آمنے سامنے آگئے۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی نے محکمہ موسمیات کو ماتحت لانے کے لیے کابینہ ڈویژن کوباقاعدہ سمری ارسال کردی ہے جس پر وفاقی سیکریٹریز کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ ایوی ایشن ڈویژن نے کمیٹی کی تشکیل پراعتراض کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ کمیٹی میں بیوروکریٹس کے بجائے ماہرین کو شامل کیا جائے تاکہ وہ اس کے منفی اثرات کا جائزہ لے سکے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام نے چند ماہ قبل کابینہ ڈویژن کومراسلہ جاری کیا تھا جس میں تجویز پیش کی گئی تھی کہ محکمہ موسمیات کو وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ماتحت کیاجائے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام کا موقف ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے بری طرح متاثر ہونے والے ملکوں میں 7ویں نمبر پر موجود ہیں۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی نے اس ضمن میں کابینہ ڈویژن کو مراسلہ ارسال کیا تھا جس میں تجویز پیش کی گئی تھی محکمہ موسمیات کووزارت موسمیاتی تبدیلی کے ماتحت کیا جائے۔ذرائع نے بتایا کہ اس ضمن میں کابینہ ڈویژن نے وفاقی سیکریٹریوں کی ایک کمیٹی تشکیل دے دی تھی جو فیصلہ کرے گی کہ آیا محکمہ موسمیات کوایوی ایشن ڈویژن کے پاس ہی رہنے دیا جائے یا اس محکمہ کو وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ماتحت کیا جائے۔

دوسری طرف ایوی ایشن ڈویژن کے حکام کا کہنا ہے کہ تاریخی طور پرمحکمہ موسمیات ہمیشہ سے محکمہ دفاع یا ایوی ایشن کے ماتحت ہی رہا ہے جبکہ دنیابھرمیں بھی محکمہ موسمیات ایوی ایشن ڈویژن کے ماتحت کام کرتی ہے، لہٰذا اس کو ایوی ایشن ڈویژن نے واپس لے کر وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ماتحت کرنے سے کئی ٹیکنیکل پیچیدگیاں سامنے آسکتی ہیں۔ ایوی ایشن ڈویژن نے اعتراض اٹھایا ہے کہ کمیٹی میں ماہرین کوشامل کیا جائے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں