مہنگے ذرائع سے بجلی کی پیداوار کا سلسلہ بدستور جاری

گزشتہ سال دسمبر میں فرنس آئل سے 37.13 فیصد بجلی پیداکی گئی تھی جورواں سال کے اسی عرصے کے دوران بڑھکر 38.54 فیصد ہوگئی


Waqai Nigar Khusoosi February 06, 2018
گزشتہ سال درآمدی ایل این جی سے 29.79 فیصد بجلی پیداکی گئی جو اس سال دسمبر میں کم ہوکر 25.90فیصد تک آگئی۔ فوٹو: فائل

ملک میں مہنگے ذرائع سے بجلی کی پیداوار کاسلسلہ بدستورجاری ہے اورگزشتہ سال کی نسبت رواں سال دسمبر کے دوران مہنگے فرنس آئل اور ہائی اسپیڈ ڈیزل سے زیادہ بجلی پیدا کی گئی ہے۔

نیپرا دستاویز کے مطابق گزشتہ سال دسمبر میں فرنس آئل سے 37.13 فیصد بجلی پیدا کی گئی تھی جو رواں سال کے اسی عرصے کے دوران بڑھ کر 38.54 فیصد ہوگئی ہے۔ رواں سال دسمبر کے دوران فرنس آئل سے 27 لاکھ 90 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی جو گزشتہ سال 26 لاکھ 73ہزار میگاواٹ تھی۔

دستاویز کے مطابق گزشتہ سال ہائی اسپیڈ ڈیزل سے 0.84 فیصد جبکہ رواں سال ڈیزل سے 1.73 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔ گزشتہ سال درآمدی ایل این جی سے 29.79 فیصد بجلی پیداکی گئی تھی جو اس سال دسمبر میں کم ہوکر 25.90فیصد تک آگئی ہے۔ دسمبر 2016 کے دوران ایل این جی سے 21 لاکھ 51 ہزار میگاواٹ جبکہ رواں سال دسمبر کے دوران 18 لاکھ 75 ہزار میگاواٹ بجلی ایل این جی سے پیداکی گئی ہے۔

دسمبر 2016 کے دوران ایٹمی ذرائع سے 6.13 فیصد بجلی پیدا کی گئی تھی جو 2017 کے دوران کم ہو کر 5.16 فیصد رہی۔ گزشتہ سال دسمبر کے دوران ایٹمی ذرائع سے 4 لاکھ 41 ہزار 690 میگاواٹ اور رواں سال دسمبر میں 3 لاکھ 73 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی۔

ہوا سے گزشتہ سال0.75 فیصد اور رواں سال0.21 فیصد بجلی پیدا کی گئی ہے۔ بگاس سے بجلی کی پیداوار میں ایک سال کے دوران خاطر خواہ کمی ہوئی ہے اور رواں سال دسمبر میں بگاس سے 0.03 فیصد بجلی پیدا کی گئی جو گزشتہ سال 0.97 فیصد تھی جب کہ شمسی ذرائع سے گزشتہ سال 0.60 فیصد جبکہ رواں سال صفر فیصد بجلی پیدا کی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں