نگراں وزیراعلیٰ کیلیے نجم سیٹھی کا نام چوہدری شجاعت نے بھجوایا تھا

سیٹھی نے نگراں وزیراعظم کیلیے بھی لابنگ کی،صدر زرداری نے نام بھجوانے سے انکارکیا تھا


Khalid Qayyum March 29, 2013
سیٹھی نے نگراں وزیراعظم کیلیے بھی لابنگ کی،صدر زرداری نے نام بھجوانے سے انکارکیا تھا. فوٹو: فائل

نگراں وزیراعلیٰ نجم سیٹھی وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں شامل ہونے سے پہلے نگراں وزیراعظم کیلیے بھی لابنگ کررہے تھے مگرصدرآصف زرداری نے نگراں وزیراعظم کیلیے پارلیمانی کمیٹی کو ان کا نام بھجوانے سے انکارکردیا تھا۔

جس کے بعد انھوں نے پنجاب کا نگراں وزیراعلیٰ بننے کے لیے سرتوڑ کوششیں کیں ۔ ذرائع کے مطابق ملسم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے ان کا نام نگراں وزیراعلیٰ کیلیے بھجوایا۔ پیپلزپارٹی نے پہلے پارلیمانی کمیٹی کو3 نام بجھوائے تھے اور پھرسابق صدر سپریم کورٹ بار عاصمہ جہانگیرکی معذرت کے بعد یہ تینوں نام واپس لے لیے، جب دو نام بجھوائے جانے تھے تو (ق)لیگ کی قیادت نے جسٹس (ر) سید زاہد حسین کے ساتھ دوسرا نجم سیٹھی کا بھجوانے پر اصرار کیا۔



اس طرح پیپلزپارٹی کے اصل امیدوارجسٹس (ر) زاہد حسین تھے۔ پارلیمانی کمیٹی کی تین روز کی کارروائی کے دوران نجم سیٹھی کا بالواسطہ یا بلاواسطہ (ق)لیگ اور (ن)لیگ کی قیادت کے ساتھ رابطہ رہا۔ پیپلزپارٹی والے اس لیے بھی نجم سیٹھی کے حق میں نہیں تھے کیونکہ1996 میں سابق صدر فاروق لغاری نے بے نظیر بھٹو کی حکومت کے خاتمے کے بعد انہیں نگراں وزیراعظم ملک معراج خالدکا مشیر برائے احتساب و سیاسی امور مقرر کیا تھا اور اس دوران بینظیر بھٹو اور صدر آصف زرداری کیخلاف کرپشن کے جھوٹے کیس بھی بنائے گئے تھے۔

بینظیر بھٹو بھی نجم سیٹھی پر اعتماد نہیں کرتی تھیں کیونکہ وہ انھیں اسٹیبلشمنٹ کے قریب ترین سمجھتی تھیں۔ آخری روز صوبائی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد 6گھنٹوں کے دوران نگراں وزیراعلیٰ نجم سیٹھی کے ن لیگ کی نچلی سطح سے اعلیٰ قیادت تک رابطے رہے، لاہور اورسیالکوٹ سے (ن)لیگ کے دو اہم رہنما رائیونڈ بھی گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں