27 پاکستانی کمپنیوں کی ٹیکس ورلڈ نمائش پیرس میں شرکت

پاکستانی کمپنیوں نے دھاگہ، تیار کپڑے اوراون کی بنی مصنوعات کے اسٹال لگائے ہیں۔


Express News February 13, 2018
 2016 میں پاکستان کی فرانس کو برآمدات میں 16 فیصد اضافہ ہوا،سفیرمعین الحق۔ فوٹو: سوشل میڈیا

OKARA: 27 پاکستانی کمپنیاں پیرس میں منعقد ہونے والی ٹیکس ورلڈ نمائش 2018 میں شرکت کر رہی ہیں۔

پاکستان کی کپڑے کی صنعت سے تعلق رکھنے والی 27 کمپنیاں پیرس میں منعقد ہونے والی ٹیکس ورلڈ نمائش 2018 میں شرکت کر رہی ہیں۔ یہ کمپنیاں انتہائی اعلی معیار کے دھاگے، تیار شدہ کپڑے، اون سے بنی مصنوعات میں مہارت رکھتی ہیں۔

پاکستانی سفیرمعین الحق نے پاکستانی اسٹالز کا دورہ کیا اور کمپنیوں کے مالکان سے فرداً فرداً ملاقاتیں کیں۔ سفیر پاکستان نے نمائش میں رکھی گئی دھاگے، کاٹن کی مصنوعات اور جینز کی تعریف کی جو کہ خاص طور پر یورپی خریداروں کے ذوق اور ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی تھیں۔

معین الحق نے پاکستان فرانس کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تجارت میں اضافہ سفارتخانہ پاکستان کی طرف سے 2016 میں متعارف کی جانے والی معاشی سفارت کاری کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2016 میں پاکستان کی فرانس کو برآمدات میں 16 فیصد اضافہ ہوا تھا جب کہ سال 2017 میں دو طرفہ تجارت میں قابل قدر اضافے کی توقع ہے جو کہ انتہائی مثبت پیشرفت ہے۔

پاکستانی سفیر نے مائیکل سکارپ صدر ٹیکس ورلڈ سے بھی ملاقات کی اورپاکستان کی کمپنیوں کی طرف سے ٹیکس ورلڈ نمائش میں شمولیت میں مزید بہتری لانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔

پاکستان کی اعلیٰ شہرت یافتہ کمپنیوں جن میں نشاط ملز، کوہ نور، سفائر، کمال لمیٹڈ، صدیق سنز اور ماسٹر ٹیکسٹائلز شامل ہیں نے اپنے انتہائی شاندارا سٹال لگائے تھے جن کی وجہ سے انھیں خریداروں کو راغب کرنے میں انتہائی مدد ملی۔ٹیکس ورلڈ جس کا انعقاد سال میں 2 مرتبہ کیا جاتا ہے میں یورپ سے تعلق رکھنے والے فیشن انڈسٹری کے چیدہ چیدہ افراد شرکت کرتے ہیں اور یہ نمائش ٹیکسٹائل کی صنعت سے تعلق رکھنے والے فروخت کنندگان اور خریداروں کیلیے انتہائی موثر ذریعہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں