ریٹرننگ آفیسرکاغذات نامزدگی کی کاپیاں فراہم نہیں کررہے

سپریم کورٹ کی ہدایت نظرانداز،میڈیانمائندے،سول سوسائٹی،عام شہری مایوس


Syed Ashraf Ali March 29, 2013
سپریم کورٹ کی ہدایت نظرانداز،میڈیانمائندے،سول سوسائٹی،عام شہری مایوس ، فوٹو: ایکسپریس نیوز

کراچی میں ریٹرننگ افسران سپریم کورٹ کی ہدایت کو نظرانداز کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں اور عام شہریوں کو امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی نقول فراہم نہیں کررہے اور کوائف ناموں کو چھپایا جا رہاہے جس کے باعث عام شہری امیدواروں کے تعلیمی کوائف، بینک اثاثوں اور دیگر معلومات حاصل کرنے سے محروم ہوگئے ہیں۔

نمائندہ ایکسپریس کے سروے کے مطابق کراچی کے 5اضلاع میں متعین ریٹرننگ آفیسرز اور الیکشن کمیشن کے متعلقہ افسران میڈیا کے نمائندوں، سول سوسائٹی کے اراکین اور عام شہریوں سے بالکل تعاون نہیں کررہے ہیں۔ ایک جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کا دعویٰ کیا جارہاہے، دوسری جانب ان کا عملہ امیدواروں سے متعلق معمولی نوعیت کی اطلاعات دینے کو تیار نہیں۔ مخصوص نشستوں پر کتنے امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کراچکے ہیں، متعلقہ افسران ان امور کی اطلاعات دینے میں بھی لیت ولعل سے کام لے رہے ہیں۔

سٹی کورٹ، جوڈیشل کمپلیکس اور ملیرکورٹ میں متعین ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں امیدوار الیکشن 2013 میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرارہے ہیں۔ واضح رہے کہ عوامی نمائندگی ایکٹ 1976 سیکشن 12(8) کے تحت ریٹرننگ آفیسرز پابند ہیں کہ وہ امیدواروں کے کوائف عام شہریوں کو فراہم کریں۔ سپریم کورٹ بھی ریٹرننگ افسران کو ہدایت جاری کرچکاہے کہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی کاپیاں عام شہریوں کو فراہم کی جائیں۔ اس ضمن میں نمائندہ ایکسپریس نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر وسطی شوکت میمن سے رابطے کی کوشش کی تاہم ان کے اسسٹنٹ نے کہاکہ مذکورہ انفارمیشن ڈی آراو نہیں دے سکتے بلکہ براہ راست ریٹرننگ افسران سے حاصل کی جائے۔ ریٹرننگ افسر عالیہ لطیف انڑ نے کہاکہ وہ میڈیا کو اطلاعات دینے کی پابند نہیں۔



جو بھی انفارمیشن چاہیے، ڈی آراو یا الیکشن کمیشن سے حاصل کی جائے۔ ڈائریکٹر الیکشن کمیشن نجیب احمد نے نمائندہ ایکسپریس کو بتایا کہ درخواست لکھ کر 10روپے فی کاپی کی نقول ریٹرننگ افسر سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ مختلف این جی اوز، سول سوسائٹی کے اراکین اور میڈیا کے نمائندوں نے نمائندہ ایکسپریس کو بتایاکہ ریٹرننگ افسران امیدواروں کے کوائف کی کاپیاں فراہم نہیں کررہے۔

انھوں نے بتایاکہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کہاجارہاہے کہ الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی کاپیاں دینے سے منع کیاہے۔ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی عدم دستیابی کے باعث عام شہری ووٹ دینے سے قبل اپنے حلقے کے امیدوار کو صادق وامین کی بنیاد پر پرکھنے سے قاصر ہے۔ اراکین سول سوسائٹی نے کہاکہ ایسا محسوس ہوتاہے کہ مخصوص ٹولہ چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم کا الیکشن 2013 کا انعقاد صاف وشفاف کرانے کا عہد سبوتاژ کرنے کی خاطر عوام اور میڈیا کے لیے جان بوجھ کر مسائل پیدا کررہاہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں