گولڈ میڈلز کی دوڑ میں جرمنی بدستور سب سے آگے

جیت کے بعد خوشی سے سرشار سوئیڈش کھلاڑی ہاناکی آنکھوں سے آنسو رواں۔


Sports Desk/AFP February 16, 2018
برونوماسوت نے اپنا ہی ورلڈ ریکارڈ توڑتے ہوئے سونے کاتمغہ جیتا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

LOS ANGELES: پیونگ چانگ میں جاری ونٹر گیمز میں طلائی تمغوں کی دوڑ میں جرمنی بدستور آگے ہے۔

چھٹے روز اس نے مزید 2 طلائی تمغے حاصل کیے، فیگر اسکیٹنگ میں ایلجونا سیوچنکو اور برونوماسوت نے اپنا ہی ورلڈ ریکارڈ توڑتے ہوئے سونے کاتمغہ جیتا، دلچسپ بات یہ ہے کہ 34 سالہ ایلجونا کا تعلق ارجنٹائن سے ہے جبکہ ماسوت فرانس سے تعلق رکھتے ہیں مگر دونوں مشترکہ طور پر جرمنی کی نمائندگی کرتے ہیں، اس شاندار کامیابی کے بعد دونوں کافی جذباتی ہوگئے اور بڑی مشکل سے اپنے آنسو روکے۔ دن کا دوسرا طلائی تمغہ جرمنی کو لوگی کے ٹیم ریلے ایونٹ میں حاصل ہوا، اس طرح اس کھیل میں چار میں سے جرمنی 3 طلائی تمغے اپنے نام کرچکا ہے۔

سوئیڈن کی ہانا اوئیبرگ نے ویمنز 15 کلومیٹر انفرادی بائیتھلون میں سونے کا تمعہ حاصل کیا، وہ کامیابی پر اتنی جذباتی ہوئیں کہ خوشی سے آنکھوں سے آنسو رواں ہوگئے۔ امریکا کی اسکیئر میکائیلا شفرن نے اولمپک میں انٹری کے ساتھ ہی سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ ناروے کے ایکسیل لوند سوندل نے مینز ڈائون ہل میں طلائی تمغہ جیتا۔ فرانس کے پائیرے وولٹیئر نے اسنوبورڈ کراس ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔

ناروے کی ریگن ہلڈ ہاگا ویمنز 10 کلومیٹر کراس کنٹری ریس میں ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ناروے کے جہاینیس تھنگنیس بوئے نے فرنچ حریف مارٹین کو مات دے کر 20 کلومیٹر انفرادی مینز بائیتھلون میں گولڈ میڈل جیتا۔ کینیڈا کے ٹیڈ جان بوئیمین نے 10 ہزار میٹر اسپیڈ اسکیٹنگ ریس گیمز ریکارڈ ٹائم میں مکمل کرکے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔

برفیلے میدانوں پر امریکا اور شمالی کوریا میں دشمنی کی آگ ٹھنڈی پڑنے لگی

ونٹر گیمز کے دوران برفیلے میدانوں پر امریکا اور شمالی کوریا کے ایتھلیٹس میں بھی دشمنی کی آگ ٹھنڈی پڑنے لگی، اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اس وقت انتہائی کشیدہ ہیں تاہم دونوں جانب کے اسکیٹرز میں دوستی ہونے لگی ہے۔ دونوں جانب کے ایتھلیٹس کے درمیان نہ صرف مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا بلکہ چند نے ایک دوسرے کو گلے بھی لگایا۔امریکی نژاد ماریسا برینڈٹ نے کہاکہ میں نے وہی کیا جو میں کرسکتی ہوں، ہم روزانہ ایک دوسرے کو ہنس کر دیکھتے اور گلے لگاتے ہیں، وہ اس وقت کوریا کی مشترکہ آئس ہاکی ٹیم میں شامل ہیں جبکہ ان کی دوسری بہن امریکی ٹیم کا حصہ ہیں۔

سیکیورٹی اہلکار سے جھگڑے پرآئی او سی کے برطانوی ممبرفارغ

ونٹر گیمز کے دوران سیکیورٹی اہلکار سے جھگڑے کی وجہ سے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اپنے برطانوی ممبر ایڈم پرنگلے کو فوری طور پر فارغ کرتے ہوئے وطن واپس لوٹ جانے کی ہدایت دی ہے، آئی او سی کی جانب سے واقعے پر معافی تومانگی گئی مگر تفصیل نہیں بتائی گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ انٹرکانٹی نینٹل ہوٹل میں پیش آیا مگر مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ پرنگلے کے عہدے کی مدت ویسے بھی 25 فروری کو ختم ہورہی تھی۔

شمالی کورین چیئرلیڈرز''دشمن'' ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے پہنچ گئیں

شمالی کورین چیئرلیڈرز غیرمتوقع طور پر اپنے دشمن ملک سائوتھ کوریا کی مینز ہاکی ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلیے ایرینا پہنچ گئیں، عام طور پر وہ کوریا کی مشترکہ ویمنز ہاکی ٹیم کے مقابلوں میں موجود ہوتی ہیں مگر گذشتہ روز مینز ہاکی میچ میں پہنچ گئیں جہاں پر ایک گول پوسٹ کے عقب میں مکمل اسٹینڈ پر قبضہ جمایا اور میزبان سائیڈ کی حوصلہ افزائی کرتی رہیں۔

معمر جوڑا بیٹے کوپرفارم کرتا دیکھنے کیلیے سائیکل پر پیونگ چانگ پہنچ گیا

سوئٹزرلینڈ کا ایک معمر جوڑا اپنے بیٹے کو ونٹر اولمپک میں پرفارم کرتا ہوا دیکھنے کیلیے سائیکل پر اپنے ملک سے پیونگ چانگ پہنچ گیا، سوئس فری اسٹائل اسکیئر مسچا گاسیر کے والد 55 سالہ گوئیڈو ہوئیلراور سوتیلی ماں 57 سالہ ریٹا روٹیمین زیورخ کے جنوب میں 70 کلومیٹر دور قصبے اولٹین سے گذشہ برس فروری میں روانہ ہوئے،دونوں کی17 ہزار کلومیٹر کا سائیکل پرسفر طے کرنے کے بعد گذشتہ روزپیونگ چانگ آمد ہوئی،اس دوران وہ 20 ممالک سے گزرے۔

آئی او سی نے برطانوی اسکیلٹن ٹیم کے ہائی ٹیک سوٹس کو کلیئر کردیا

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے برطانوی اسکیلٹن ٹیم کے ہائی ٹیک سوٹس کو کلیئر کردیا۔ امریکا کی جانب سے خاص طور پر اعتراض اٹھایا گیا تھا کہ برطانوی ایتھلیٹس جو سوٹ استعمال کرتے ہیں وہ ہوا کی رگڑ کر کم کرتا اور اس سے ان کی رفتار میں اضافہ ہوتا ہے،آئی اوسی کے ترجمان مارک ایڈمز نے کہاکہ ہم نے ان ریس سوٹس کو متعلقہ فیڈریشن کے ماہرین سے چیک کرانے کے بعد کلیئر قرار دے دیا ہے، برطانوی ایتھلیٹس یہ سوٹس استعمال کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

تیز ہوائوں سے مرکزی وینیومیں افراتفری پھیل گئی،16 افراد زخمی

تیز ہوائوں کی وجہ سے ونٹر گیمز کے مرکزی وینیو گانگ نیونگ میں افراتفری پھیل گئی،اس دوران 16 افراد زخمی بھی ہوئے، منتظمین کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 13 اسٹاف ممبران اور 3تماشائی شامل ہیں، تیز ہوائوں کی وجہ سے سائن بورڈز اور ٹینٹ اکھڑ گئے جبکہ دیگر سامان بھی گر پڑا جس سے ان لوگوں کو چوٹیں آئیں، بدھ کو بھی تیزہوائوں کی وجہ سے تماشائیوں کو انڈور ایرینا میں ہی رکے رہنے کو کہا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں