بلدیاتی انتخابات حکومت سندھ کی اپیل اعتراض کیساتھ واپس

آج گورنر سندھ کی حیثیت مدعا علیہہ کرکے اعتراض رفع کیا جائیگا، ذرائع حکومت سندھ


Asghar Umar August 09, 2012
آج گورنر سندھ کی حیثیت مدعا علیہہ کرکے اعتراض رفع کیا جائیگا، ذرائع حکومت سندھ۔ فوٹو فائل

ISLAMABAD: سپریم کورٹ آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات 90روز میں کرانے کے فیصلے کے خلاف حکومت کی اپیل اعتراض لگاتے ہوئے واپس کردی ہے، رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض کیا گیا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل میں گورنر سندھ کا نام بھی شامل ہے لیکن اپیل میں یہ وضاحت نہیں کہ گورنر جو کہ وفاق کے نمائندے ہیں کی جانب سے کون درخواست کی پیروی کرے گا۔

ایڈووکیٹ جنرل صوبائی حکومت کے چیف لاء افسر کی حیثیت سے حکومت سندھ کی نمائندگی کریں گے مگر گورنرسندھ کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل یا کسی اور وکیل کا وکالت نامہ داخل نہیں کیا گیا تاہم حکومت سندھ کے ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا ہے کہ اپیل میں تبدیلی کی جائیگی کیونکہ آئینی طور پر گورنر اپیل کنندہ نہیں بلکہ رسمی مدعا علیہ ہیں اور توقع ہے کہ جمعرات کو سپریم کورٹ کا اعتراض رفع کرتے ہوئے اپیل میں گورنر سندھ کی حیثیت اپیل کنندہ سے تبدیل کرکے مدعا علیہ کردی جائے گی جس کے باعث سپریم کورٹ کا اعتراض رفع ہوجائیگا۔

حکومت سندھ کی جانب سے دائر کردہ اپیل میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف موقف اختیارکیا گیا ہے کہ 90روز میں صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات ممکن نہیں۔ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے اور اپیل کا حتمی فیصلہ آنے تک مذکورہ فیصلے کومعطل کیا جائے۔ واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے 18مئی2012کو سابقہ ضلع ناظمہ ٹنڈوالہ یار راحیلہ مگسی کی درخواست پر 90دن میں بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے کا حکم دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں