خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

PESHAWAR: گاؤں کا سکول
نسیم حسن، کبیروالا
خواب:۔ میں نے پہلے بھی آپ کو خط لکھا تھا مگر میرے خواب کی تعبیر نہیں بتائی گئی، اب میں دوبارہ بھجوا رہا ہوں، برائے مہربانی اس کی تعبیر ضرور بتائیں۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گاؤں گیا ہوا ہوں اور اپنے اس سکول کا دورہ کرتا ہوں، جہاں میں بچپن میں پڑھا کرتا تھا۔ پھر میرے اُستاد مجھے سکول کا دورہ کراتے ہیں اور میں اگلے سین میں دیکھتاہوں کہ میں اِدھر سکول کے بچوں کو پڑھانے کی ذمہ داری لے لیتا ہوں اور خود کو بچوں کو پڑھاتے ہوئے دیکھتا ہوں۔

تعبیر:۔ اس خواب کی تعبیر بتائی جا چکی ہے غالباً آپ کی نظر سے نہیں گزرا۔ قارئین جو اس بات کا اصرار کرتے ہیں کہ ہم کو بتا دیا جائے کہ کس ہفتے ہمارے خواب کی تعبیر چھپے گی۔ یہ بات بتانا بہت مشکل ہے۔ باری آنے پر سب کو جواب دیا جاتا ہے۔ کسی مخصوص وقت کی نشاندہی کرنا یا فون کر کے بتانا ممکن نہیں۔ تاہم یہاں میں دوبارہ بیان کئے دیتی ہوں۔ آپ کا خواب اچھا ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ ہدایت پائیں گے۔ ذہنی و روحانی تربیت ہوگی۔ معلومات میں اضافہ بھی ہوگا۔ عزت و توقیر میں اضافہ ہوگا۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

باغ میں ہد ہدکی آواز
جاوید احمد،لاہور
خواب :۔ میں نے دیکھا کہ میں صبح سیر کے لئے اپنے ایک قریبی باغ میں ہوتا ہوں ۔ باغ بڑا خوبصورت اور سرسبز ہوتا ہے وہاں پر بہت زیادہ درخت ہوتے ہیں اور میں اُن درختوں کے نیچے سے گزر رہا ہوتا ہوں کہ میں نے دیکھا درخت کے اوپر ایک ہد ہد بیٹھی ہوئی ہوتی ہے اور وہ اپنی میٹھی آواز میں بول رہی ہوتی ہے۔ میں اُس درخت کے نیچے کھڑا ہو کر اُس کی آواز کو سنتا ہوں ۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے کہ جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی کوئی دلی مراد پوری ہو گی۔ کسی کام کے سلسلہ میں آپ کو کامیابی نصیب ہو گئی ۔ علم اور حکمت میں اضافہ ہو گا۔ کاروبار میں اضافہ ہو گا جس سے تنگ دستی اور پریشانی سے نجات ملے گی۔ گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی کیا کریں۔

دکان میں بندش
نسیم احمد،فیصل آباد
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میری گارمنٹس کی دکان پر کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے تالا لگ چکا ہے۔ میں یہ خواب دیکھ کر بہت پریشان ہوں ۔ اصل میں میری دکان بہت مشکل سے چل رہی ہے اور گھر میں اکثر اوقات کھانے پینے کی بہت تنگی ہوتی ہے۔ میرے ایک عزیز نے ایک عامل کا بتایا تھا مگر وہ عامل بہت زیادہ رقم کا تقاضا کرتا ہے جو میں ادا نہیں کر سکتا۔آپ مہربانی فرما کر کوئی نقش ارسال کردیں۔


تعبیر:۔ یہ خواب اِس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی و غم اور خوف مسلط ہو سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی حفظ و ایمان میں رکھے۔ آپ کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھیں ۔ اس کی ذات انشاء اللہ آپ کی یہ مشکل بھی حل کردے گی ۔آپ رات کو بعداز نماز عشاء اوّل وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ دورد شریف کے ساتھ 41 مرتبہ آیت الکرسی پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا کریں ۔ انشاء اللہ وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور سجدے میں جاکر نہایت عاجزی سے اللہ تعالیٰ سے دعا کریں ۔ آپ ایک جوابی لفافہ مراقبہ ہال 158 مین بازار مزنگ لاہور کے پتہ پر ارسال کردیں، میں آپ کو نقش ارسال کردوں گی اور آپ کے لئے مراقبہ ہال میں دعا بھی کروا دوں گی۔

کرکٹ کھیلنا
نسیم الدین ، کراچی
خواب-: میں نے دیکھا کہ میں اپنے چند دوستوں کے ساتھ ایک میدان میں ہوتا ہوں، میرے ایک دوست کے پاس بیٹ اور گیند ہوتا ہے پھر ہم سب دوست مل کر کرکٹ کھیلنا شروع کر دیتے ہیں۔ ہمارے کچھ دوست باؤلنگ کے لئے تیار ہو جاتے ہیں اور میں اور میرا ایک دوست بیٹنگ کے لئے تیار ہو جاتے ہیں۔ میں بیٹنگ کے لئے جاتا ہوں اور میرا ایک دوست باؤلنگ شروع کر دیتا ہے۔ میں اِس کے بال پر ایک زوردار ہٹ لگاتا ہوں تو میدان میں کافی لوگ جمع ہو جاتے ہیں اور وہ ہمارا میچ دیکھتے ہیں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر-: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو امتحان میں کامیابی ملے گی ۔ کوئی خوشخبری ملنے کا امکان ہے جس کام کو آپ ذوق و شوق سے کریں گے اس کا انجام بھی بہتر ہو گا۔ کوئی نوکری ملنے کا امکان ہو سکتا ہے۔ کاروبار میں برکت ہو گی جس سے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں اور کچھ اللہ کی راہ میں خیرات بھی کریں۔

کپڑوں کو آگ لگ جاتی ہے
صائمہ بیگم، حیدر آباد
خواب-: میں نے دیکھا کہ میں اپنے باورچی خانے میں ہوتی ہوں اور بچوں کے لئے کھانا تیار کر رہی ہوتی ہوں، جلدی جلدی میں مجھے پتہ نہیں چلتا کہ میرے دوپٹہ کو آگ لگ جاتی ہے اور وہ جلد ہی میرے کپڑوں تک پھیل جاتی ہے۔ میری بڑی بیٹی جلدی سے آتی ہے اور ایک کمبل میرے اوپر ڈال کر آگ کو بجھانے کی کوشش کرتی ہے اور پھر تھوڑی دیر میں آگ بجھ جاتی ہے۔ میں خوف سے رونا شروع کر دیتی ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔


تعبیر-: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کو کوئی پریشانی، غم یا خوف کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آنکھوں اور جسم کے کسی حصہ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ کاروبار میں بندش یا رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے جس سے مال اور وسائل دونوں میں کمی کا امکان ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار بھی کیا کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

منڈی میں آلو فروخت کرنا
جواد علی، لاہور
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے گاؤں گیا ہوا ہوں اور اپنے چچا کے ساتھ مل کر کھیتو ں میں کام کر رہا ہوں۔ سارے آلو جمع کرکے ٹرالی پر لاد کر منڈی میں فروخت کرنے کے لئے لے جاتے ہیں۔ وہاں پر کافی لوگ ہوتے ہیں۔ ہمارے آلو کافی اچھی قیمت پر فروخت ہو جاتے ہیں اور یہ بات ہم کو بہت خوشی دیتی ہے۔ اس کے بعد والا حصہ مجھے یاد نہیں۔ برائے کرم بتایئے کہ کیا واقعی اس سے میرے کاروبار میں برکت کا اشارہ ہے؟

تعبیر : اچھا خواب ہے اور خوشخبری پر دلیل کرتا ہے۔ اللہ کی مہربانی سے کاروبار یا کسی اور ذریعہ سے خوشخبری ملے گی۔ یا نفع حاصل ہوگا جس سے کاروبار میں اضافہ ہوگا جس سے مال و وسائل میں نہ صرف بہتری آئے گی بلکہ رزق میں بھی اضافہ ہوگا ۔ گھر میں سکون و آرام ہوگا ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

پسندیدہ خوراک کھانا
عطیہ خرم ، لاہور
خواب : میں اکثر خواب دیکھتی ہوں کہ میرے ارد گرد بہت سے کھانے پڑے ہوتے ہیں اور میں اس میں سے اپنی پسندیدہ خوراک کھا رہی ہوں ۔ پھر میں خود کو موٹا محسوس کرتی ہوں اور یہ سوچتی ہوں کہ ہائے مجھے تو موٹا ہونا پسند نہیں ہے تو میں کیسے اب پتلی ہوں گی۔

تعبیر:۔ عموماً خواب دن بھر کی کیفیات کا لاشعوری اظہار بھی کرتے ہیں۔ مگر آپ پریشان نہ ہوں یہ خواب اچھا ہے اور رزق کی فراوانی کو ہی ظاہر کرتا ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاشکور یا حفیظ کا ورد جاری رکھیں۔ کوشش کریں کہ رات کو سونے سے قبل آپ سیرتؐ پاک کا مطالعہ کیا کریں۔

باجماعت نماز پڑھنا
ندیم شیخ، ملتان
خواب : میں نے دیکھا کہ میں نماز کی ادائیگی کیلئے اپنے محلہ کی مسجد میں جاتا ہوں ۔ وضو کرتے وقت مجھے اپنی جیب میں پڑی مسواک کا خیال آتا ہے تو میں اس کو نکال کر کرنے لگ جاتا ہوں ۔ پھر باجماعت نماز ادا کرکے نمازیوں کے ساتھ بیٹھ کر مولوی صاحب کا خطاب سننے لگ جاتا ہوں مگر مجھے اب ان کا ٹاپک یاد نہیں اور نہ ہی باقی کا خواب ۔

تعبیر:۔ خواب اچھا ہے اور دینی ترقی پہ دلیل کرتا ہے۔ حج کی سعادت بھی نصیب ہوسکتی ہے۔ بزرگی سے آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہوگا۔ آپ کو شش کریں کہ اپنے مال سے خیرات کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ یاحی یاقیوم کا ورد بھی چلتے پھرتے کیا کریں۔

منڈی سے مال خریدنا
انجم توقیر، لاہور
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنی دوکان کا مال خریدنے منڈی جاتا ہوں ۔ وہاں بیوپاری کے کہنے پر میں وسمہ کا بھی ایک من سودا کرلیتا ہوں ۔ حالانکہ اصل میں میرا کاروبار پنسار کا نہیں ۔ مزید جب میں گھر جاتا ہوں تو میرے والد کافی ناراض ہوتے ہیں جیسے جب وہ حیات تھے تو کاروباری معاملات میں مجھے رہنمائی دیتے تھے اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر:۔ اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی یا دھوکہ بازی کا سامنا ہوسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ آپ دین کے معاملات میں بھی پابندی کریں۔ نماز پنجگانہ کے ساتھ ساتھ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ہر نماز کے بعد تسبیح استغفار کی بھی کیا کریں۔ ہم ان کے لیے محفل میں بھی دعا کرادیں گے۔ صدقہ و خیرات کا بھی اہتمام کیا کریں۔

کالج میں رہنمائی کرنا
صائمہ جبین، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ ہمارے کالج میں نئے داخلے ہو رہے ہیں اور اس کے لئے بہت رش ہے۔ کالج میں کافی لوگ دوڑ دھوپ کر رہے ہوتے ہیں ۔ میں اپنی دوستوں سے کہتی ہوں کہ چلو ہم سب مل کر لوگوں کا کام کرا دیتے ہیں مگر میری دوستیں نہیں مانتی اور چلی جاتی ہیں۔ میں اکیلی ہی ایڈمیشن بلاک کی طرف چل دیتی ہوں اور وہاں لوگوں کو مختلف چیزوں میں رہنمائی دیتی ہوں ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتادیں ۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے اور عزت و بزرگی پر دلیل کرتا ہے۔ اس سے آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہوگا اور رزق میں کشادگی ملے گی۔ دولت کے حصول میں بھی آسانی ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ ہر منگل کے روز حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کردیا کریں۔

وادی سے نکلنے کا راستہ نہیں ملتا
ادریس مرزا، لاہور
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں کہیں گھومنے گیا ہوا ہوں اور کہیں باہر نکلنے کا راستہ نہیں مل رہا۔ پہاڑوں میں عجیب و غریب راستے ہیں مگر مجھے اس بند وادی نما جگہ سے باہر نکلنے کا راستہ نہیں مل رہا۔ میں اللہ تعالیٰ سے پریشانی کے عالم میں دعا کرتا ہوں ۔ یہ تنگ راستہ آگے چل کر وسیع و عریض سرسبز نخلستان میں کھل جاتا ہے اور میں یہ دیکھ کر اللہ کا وہیں شکرادا کرتا ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے مگر اس کے کافی دیر بعد تک میں اس خوبصورت نظارے کو یاد کرتا رہتا ہوں۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے اور رنج و غم سے نجات کو ظاہر کرتا ہے۔ اگر آپ کسی مالی، ذہنی یا گھریلو یا کاروباری پریشانی کا شکار ہیں تو اللہ کی مہربانی سے آپ کے لیے آسانی پیدا ہوگی۔ اس سے مال و وسائل میں برکت کے لیے آسانی پیدا ہوگی۔ اس سے مال و وسائل میں برکت بھی مراد ہے۔ آپ کثرت سے یاشکور یا عزیز کا ورد کیا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں۔

مختصر جوابات
تنزیلہ علی ، لاہور
آپ کے کہنے کے مطابق خواب شائع نہیں کیا جا رہا، یہ خواب اچھا ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے دشمن پہ غلبہ حاصل ہو گا ۔ یعنی انشاء اللہ دشمن پہ آپ کو فتح حاصل ہو گی ۔ رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ مشکلات پر قابو پالیں گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ کسی منگل یا ہفتہ کے دن کالے ماش ، مالے چنے یا کالے کپڑا صدقہ کے طور پر دیں۔

رضیہ بیگم ، وہاڑی
یہ خواب پریشانی پہ دلیل کرتا ہے اللہ نہ کرے کہ کوئی پریشانی یا غم درپیش ہو سکتا ہے، سفر پر جانا بھی منسوخ ہو سکتا ہے۔ کاروبار کے علاوہ مال و وسائل میں بھی کمی آسکتی ہے۔ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ ممکن ہو سکے تو صدقہ و خیرات بھی کرنے کی کوشش کریں۔

احمد رضا عطاری ، لاہور
یہ اچھا خواب ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا۔ددست اور رشتے داروں میں عزت اور بلند مقام ملے گا۔ کاروبار میں برکت بھی ممکن ہے۔ نماز پنجگانہ کے ساتھ کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

احمد حسن، فیصل آباد
یہ خواب آپ کے فاسد خیالات کا نتیجہ ہے کوشش کریں کہ آپ زیادہ سے زیادہ وقت باوضو رہیں۔ جبر کرنے کی ضرورت نہیں۔ تازہ وضو کرلیں۔ سیرت النبیؐ کی کتب کا مطالعہ کرنا اپنی عادت بنا لیں اور رات کو لازمی ان کتابوں کا مطالعہ کرکے سویا کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے وضو بے وضو یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

سلطان حسین، ملتان
یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی غم یا پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ اس لیے نماز پنجگانہ کی پابندی کے ساتھ گھر میں پرندوں کو کھانا ڈالنے کا اہتمام کریں ۔کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

مطلوب علی، لاہور
یہ خواب پریشانی پر دلیل کرتا ہے جو کہ کاروباری یا گھریلو کسی بھی طرح کی ہوسکتی ہے۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کے ساتھ کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور حسبِ توفیق صدقہ و خیرات کا بھی اہتمام کریں ۔

کامران حق، فیصل آباد
یہ سارے خواب نظام ہضم کی خرابی کو ظاہر کرتے ہیں۔ آپ کوشش کریں کہ عشاء کی نماز باجماعت ادا کریں اور کھانا اس سے پہلے کھالیں ۔ کوشش کریں کہ کھانا ہلکا پھلکا ہی ہو۔

نوید الحسن، لاہور
اس طرح کے خواب کا جواب نہیں دیا جاتا آپ جوابی لفافے کے ساتھ دوبارہ لکھ کر بھیجیں۔

سدرۃ المنتہیٰ ، قصور
یہ سب اوٹ پٹانگ خیالات دن بھر کی سوچوں کا نتیجہ ہوتے ہیں آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ سیرت کی کتابوں کا مطالعہ لازمی کیا کریں۔

سونیا تبسم ، لاہور
یہ خواب اچھا ہے اور کسی خوشخبری پہ دلیل کرتا ہے جو گھریلو معاملات کے علاوہ تعلیمی بھی ہوسکتی ہے۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

مسرت جبین ، لاہور
اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ اپنے مقصد میں کامیاب ہو جائیں گی۔ آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ کے ارادہ میں پختگی آئے گی اور اس سے کامیابی کے حصول میں آسانی ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ حسب توفیق صدقہ وخیرات بھی دیا کریں۔

رفعیہ ابراہیم... کراچی
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ عنقریب اللہ کی مہربانی سے آپ کو خوشی ملنے والی ہے۔ اس کا تعلق ازدواجی زندگی سے بھی ہو سکتا ہے۔ اگر آپ شادی شدہ ہیں تو اس سے اولاد کی خوشی بھی مراد ہے۔ آپ نمازِ پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اورکثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔


خالد متین... لاہور
تعبیر:۔ آپ کا خواب مفلسی اور پریشانی پر دلیل کرتاہے۔ اللہ نہ کرے کسی مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ کاروبار میں نقصان ہو سکتا ہے۔ بے روزگاری کا بھی سامنا ہو سکتا ہے۔ آپ گھر میں پرندوں کو کھانا ڈالا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں۔ کثرت سے استغفار کا ورد کریں اور ہر جمعرات گیارہ روپے صدقہ کر دیا کریں۔

اعجاز علی... لاہور
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو ایک نیک اور دین دار شریک حیات ملے گی، جس سے آپ کو بھی ہدایت ملے گی۔ گھر میں سکون ہو گا اور دین و دُنیا میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحیی یا قیوم کا ورد کریں۔

شہزاد شکیل...لاہور
تعبیر:۔ یہ خواب اچھا نہیں، پریشانی اور خوف پر دلیل کرتا ہے۔ آپ کو اپنی توجہ دین کی طرف کرنی چاہیے، کوشش کریں کہ آپ باوضو رہیں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں، روزانہ سورئہ بقرہ کی تلاوت کرنا معمول بنا لیں، چاہے ایک آیت ہی کیوں نہ پڑھیں مگر لازمی پڑھیں۔


سائرہ بانو...سوات
تعبیر:۔ یہ خواب طمع و حرص پر دلیل کرتا ہے۔ زیادہ دولت جمع کرنے کی لگن کا کوئی فائدہ نہیں، دل میں مزید بے سکونی ہوگی۔ قناعت پسندی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر ہفتہ کسی دن لازمی کسی شخص کو کھانا کھلائیں۔ اس کے ساتھ کثرت سے یاحیی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

آمنہ قیوم...اسلام آباد

تعبیر:۔ یہ نظام انہظام کی خرابی کی طرف اشارہ ہے۔ آپ رات کو بعد ازعشاء چہل قدمی کرنا معمول بنالیں اور رات کا کھانا مغرب کے فوراً بعد کھالیں۔ کھانا کھا کر سونے سے معدے میں پیدا ہونے والی گیس و بخارات دماغ کی طرف چڑھتے ہیں، جو اس طرح کے اُوٹ پٹانگ خوابوں کا باعث بنتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔