شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کی باگ ڈور سنبھال لی

شہباز شریف سابق وزیر داخلہ چودھری نثار كو پارٹی كی اہم ذمہ داریاں سونپیں گے، ذرائع


Yousuf Abbasi February 27, 2018
شہباز شریف نے پارٹی میں اختلافات كو كنٹرول كرنے كا عزم کیا ہے فوٹو:فائل

وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کی باگ ڈور سنبھال لی ہے۔

شہباز شریف نے بالآخر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف كو اعتماد میں لے لیا۔ رواں ہفتے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار احمد سمیت دیگر مركزی رہنماؤں سے اہم ملاقاتوں كا سلسلہ شروع ہوجائے گا ۔ آئندہ چند دنوں میں بڑی تبدیلیاں رونما ہونگی ۔ باوثوق ذرائع كے مطابق وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے عملی طور پر پارٹی كی باگ ڈور سنبھال لی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کو ن لیگ کا صدر بنانے کا حتمی فیصلہ

اس تناظر میں انہوں نے نہ صرف ناراض لیگی دھڑوں كو منانے كا ارادہ كیا ہے بلكہ پارٹی كے اندر پائی جانے والی اختلافی صورتحال كو كنٹرول كرنے كا بھی عزم كیا ہے۔ اس سلسلے كی پہلی كڑی میں رواں ہفتے ہی محمد شہباز شریف اور چودھری نثار احمد كی اہم ملاقات متوقع ہے جس میں شہباز شریف بھرپور اعتماد كے ساتھ چودھری نثاراحمد كو پارٹی كی اہم ذمہ داریاں سونپیں گے۔ ذرائع كے مطابق محمد شہباز شریف نے ناراض دھڑوں كو منانے كے حوالے سے محمدنواز شریف كو اعتماد میں لیتے ہوئے تمام معاملات كو معمول پر لانے كی یقین دہانی بھی كرادی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نوازشریف پارٹی صدارت سے بھی نااہل، سپریم کورٹ کا فیصلہ

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے نئے صدر کے انتخاب کے لیے پارٹی کی مرکزی مجلس عامہ کا اجلاس آج جاتی امرا میں ہوگا۔ اس اجلاس میں نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف کو ہی مسلم لیگ (ن) کا صدر بنائے جانے کا قوی امکان ہے۔ 21 فروری کو انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017 سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں نواز شریف پارٹی صدارت سے نااہل ہوگئے تھے جس کے بعد سے یہ منصب خالی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں