پاک بھارت دشمنی غلط اثرات مرتب کررہی ہے راحت فتح علی
میری آواز لڑائی جھگڑے کے خلاف ہے ، عوام سچے سیاست دانوں کو منتخب کریں.
پاک و ہند کے معروف گلوکارراحت فتح علی خان نے کہا ہے کہ پاک بھارت دشمنی دونوں ممالک کے فنکاروں پر غلط اثرات مرتب کررہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں نمائندہ ایکسپریس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ میری آواز، گائیکی اورموسیقی لڑائی جھگڑے کیخلاف ہے، پاکستان میں پیدا ہوا ہوں اس پر فخر ہے مگر خوشی اس بات کی ہے کہ مجھے پاکستان، بھارت اور بنگلادیش سمیت جہاں بھی اردو بولی اورسمجھی جاتی ہے پسندکیا جاتا ہے، میں اپنی تمام کامیابیوں کو پاکستان کے نام کرتا ہوں۔
اپنے ملک سے باہر رہ کر وطن کی یاد بہت ستاتی ہے، پاکستان میں ہونیوالے آئندہ الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے راحت فتح علی خان نے کہا کہ جوسیاست دان پاکستان کیلیے سچائی سے سوچتے ہوں اوراس ملک کی ترقی چاہتے ہوں عوام اسے اپنے ووٹ سے منتخب کریں،4 اپریل کوابوظہبی لائیو کنسرٹ میں پرفارمنس کیلیے جارہا ہوں نصرت فتح علی خان اکیڈمیز قائم کرنا چاہتا ہوں۔