وفاقی کابینہ نے 50 فیصد حج کوٹا کی فوری قرعہ اندازی کی اجازت دے دی

نیواسلام آبادایئرپورٹ کانام’اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘ رکھنے کی منظوری


سردار سکندر March 01, 2018
 شناختی کارڈ فیسوں میں اضافے کی تجویزمسترد ، اسلام آبادقانون کرایہ داری پرنظرثانی کیلیے کمیٹی قائم فوٹو : پی آئی ڈی

وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور کو50 فیصد حج کوٹا کی قرعہ اندازی کی اجازت دے دی تاکہ 3 مارچ سے قبل حج کے خواہشمندوں کی تفصیلات سعودی حکام کو فراہم کی جاسکیں۔

رواں سال 15 جنوری سے 24 جنوری تک وزارت مذہبی امور کو سرکاری کوٹے کے تحت ریکارڈ تعداد میں 3 لاکھ74829درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ حج درخواستوں کی قرعہ اندازی رواں سال جنوری کو ہونا تھی تاہم چند پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کی جانب سے کوٹے کی شرح کے خلاف لاہور اور سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرنے پر عدالتوں نے قرعہ اندازی روک دی تھی۔ اس کے بعد سے ہزاروں درخواست گزار قرعہ اندازی کا انتظار کررہے ہیں۔

رواں سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 عازمین حج کی سعادت حاصل کریںگے کیونکہ سعودی حکومت نے پاکستان کا کوٹا 5 ہزار بڑھا دیا ہے۔

حج قرعہ اندازی کے متعلق قانونی معاملات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اور فلائٹ شیڈول کو حتمی شکل دینے کیلیے 3 مارچ سے قبل زیادہ سے زیادہ عازمین حج کی تفصیلات سعودی حکام کو فراہم کرنے کی خاطر وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور کو اجازت دی ہے کہ فوری طور پر 50 فیصد حج کوٹے کی قرعہ اندازی کی جائے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت اجلاس میں یہ فیصلہ سیکریٹری مذہبی امور خالد مسعود کی جانب سے بریفنگ کے بعد کیا گیا۔

علاوہ ازیں کابینہ نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا نام تجویز کرنے کیلیے میر حاصل بزنجو کی سربراہی میں تشکیل کردہ کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ایئرپورٹ کو ''اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ'' کا نام دینے کی منظوری دی۔ کچی کینال پروجیکٹ میں کرپشن الزامات کے حوالے سے انکوائری رپورٹ کا بھی جائزہ لیا اور رپورٹ پر عملدرآمد کیلیے وزیر آبی وسائل جاوید علی شاہ کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ نے وزارت بین الصوبائی رابطہ اور امریکن انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے 'اسلام آباد قانون کرایہ داری آرڈیننس2011' کے اسلام آباد کے زون فائیو میں نفاذ کی بھی منظوری دی اور وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ قانون کا جائزہ لیا جائے۔

وزارت کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ اسلام آباد کے باقی علاقوں میں بھی اس قانون کے نفاذ کا معاملہ کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے۔کابینہ نے مخصوص کیٹگریز کیلیے شناختی کارڈز کی فیس میں اضافے کی تجویز مسترد کردی اور وزارت داخلہ اور چیئرمین نادرا کو ہدایت کی کہ سی این آئی سی کی قیمت کو اعتدال میں رکھنے کیلیے تجاویز پر نظرثانی کی جائے۔

کابینہ نے عالیہ نیلم کو بطور انسداد اسمگلنگ اپیلٹ کورٹ کے اسپیشل جج کے طور پر تقرر کی منظوری دی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کے تقرر کیلیے سپریم کورٹ کے احکام کی روشنی میں کابینہ نے وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی عدالتی احکام کی روشنی میں متعلقہ رولز کی تشکیل کا کام تیز کیا جائے۔

کابینہ نے مستقل تقرری تک وزارت مذہبی امور کے جوائنٹ سیکریٹری محمد اشرف لنجار کو متروکہ وقف املاک بورڈ کا اضافی چارج دینے کی منظوری دی۔کابینہ نے وزارت کو ہدایت کی کہ زیرالتوا قانونی کیسوں کا جلد فیصلہ کرنے کیلیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی جائے کیونکہ گزشتہ سماعت پر سپریم کورٹ نے تمام زیرالتوا درخواستیں ہائیکورٹ کو منتقل کی تھیں۔

کابینہ نے ایس اے منان کو پی ایس اوکے بورڈ آف منیجمنٹ کا چیئرمین مقرر کرنے کی بھی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ کئی ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کی بھی منظوری دی۔ اے پی پی کے مطابق اسلام آباد میں قانون کرایہ داری پر نظرثانی کیلیے بیرسٹر ظفراللہ خان، سیکریٹری داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ شراکت داروں پر مشتمل کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں وفاقی کابینہ نے نئی حج پالیسی برائے 2018 منظور کی تھی۔ جس کے تحت67 فیصد عازمین حج کو سرکاری کوٹا اور 33 فیصد کو پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے بھجوایا جانا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں