ٹنڈو محمد خان میں گرفتار ملزم کا کئی بچوں سے زیادتی اور ویڈیو بنانے کا اعتراف

 موبائل فون اور لیپ ٹاپ سے متعدد ویڈیوز برآمد، ملزم انجینئرنگ یونیورسٹی کا طالبعلم ہے۔


Nama Nigar March 04, 2018
ملزم کی رہائی کیلیے با اثر افراد سرگرم۔ فوٹو: فائل

SUKKUR: گرفتار ملزم نے متعدد بچوں سے زیادتی کرنے اور ان کی ویڈیوز بنانے کا اعتراف کر لیا۔

کمسن بچوں سے مبینہ بدفعلی کے الزام میں گرفتار ملزم نے مبینہ طور پر متعدد کمسن بچوں سے زیادتی کرنے اور ان کی ویڈیوز بنانے کا اعتراف کیا ہے جبکہ ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے اسکا موبائل فون اور لیپ ٹاپ بھی قبضے میں لے لیا ہے جس میں پولیس ذرائع کے مطابق متعدد کمسن بچوں سے زیادتی کی ویڈیوز موجود ہیں۔

ملزم کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ تعلیم یافتہ اور جامشورو میں واقع انجینئرنگ یونیورسٹیکا طالب علم ہے۔ ملزم کا گھر پھلیلی روڈ پر واقع ہے جس کے اطراف پرائمری اور سیکنڈری سطح کے5 اسکول موجود ہیں جہاں وہ تعلیم حاصل کرنے والے غریب بچوں کو اپنا ہدف بناتا تھا۔

طریقہ واردات کے مطابق ملزم کمسن بچوں کو پیسے، موٹر سائیکل اور مفت پٹرول دے کر تعلقات بناتا اور کریم آباد کالونی میں واقع اپنی اوطاق پر لے جاکر زیادتی کا نشانہ بناتے ہوئے ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرتا اور ان سے دوسرے بچوں کو پھنسانے میں مدد لیتا تھا۔

اطلاعات کے مطابق کئی بچوں نے والدین کو اپنے ساتھ زیادتیوں سے آگاہ بھی کیا تھا تاہم ملزم کے اثر و رسوخ اور بچے کو کسی نقصان پہنچائے جانے کے خوف سے کوئی بھی اس کے خلاف بات نہیں کر پاتا تھا۔

واضح رہے کہ با اثر افراد ملزم کی رہائی، لیپ ٹاپ اور موبائل فون میں موجود ویڈیوز ختم کرانے، مدعی پر مقدمے سے دستبرداری اور عدالت میں ملزم کو شناخت نہ کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ ملزم سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں