پی ایس ایل اسٹارز کی دبئی کے افق پر واپسی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی پوائنٹس ٹیبل پرحکمرانی ختم کرتے ہوئے پلے آف میں رسائی کا امکان روشن رکھا


Numainda Khususi/Abbas Raza March 06, 2018
افتتاحی میچ میں پشاورزلمی کوشکست دینے والے ملتان سلطانزآج کارکردگی دہرانے کا عزم لیے میدان میں اتریں گے۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل اسٹارز کی دبئی کے افق پر واپسی ہوگئی۔

پی ایس ایل تھری کے لیگ مرحلے کا آدھا سفر مکمل ہوچکا اور تمام ٹیمیں اپنے 5،5میچز کھیل چکی ہیں،دبئی میں 8مقابلے ہوئے تھے جس کے بعد شارجہ میں اتوار کو 7میچز کا دوسر امرحلہ مکمل ہوگیا،پیر کو آرام کا دن تھا۔

منگل سے دبئی میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے میچ سے تیسرا راؤنڈ شروع ہورہا ہے،یہاں 11مارچ تک مجموعی طور پر9میچز کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد ایک بار پھر شارجہ میں میلہ سجے گا، 16 مارچ تک یہاں لیگ میچز مکمل ہونے کے بعد ٹاپ فور ٹیموں میں برتری کی جنگ شروع ہوگی، پہلا پلے آف 18 مارچ کو دبئی میں شیڈول ہے، پہلا الیمنیٹر20، دوسرا 21 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

فائنل کراچی میں25 مارچ کو کھیلا جانا ہے۔شارجہ میں پہلے مرحلے کے آخری روز اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیران کن فتح کیساتھ نہ صرف اپنی بقا کی جنگ بہتر انداز میں لڑی بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست کراچی کنگز کی حکمرانی ختم کردی،شاہد آفریدی کے بغیر کھیلنے والی عماد وسیم الیون نے اچھے آغاز کے باوجود بڑے اسکور کا موقع گنوایا، پھر بولرز اور فیلڈرز نے بھی غلطیاں کرتے ہوئے اسلام آباد کوآسان فتح کا راستہ فراہم کر دیا۔

کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے پوائنٹس تو 7،7ہوگئے لیکن نیٹ رن ریٹ میں کمی کی وجہ سے کراچی کو پیچھے ہٹنا پڑا،پشاور زلمی پہلے ہی 6پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھی،کراچی کنگز کیخلاف فتح سے اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی اتنے ہی پوائنٹس حاصل کرلیے، البتہ نیٹ ریٹ کی وجہ سے چوتھے نمبر پر ہے،گذشتہ 2ایونٹس کی فائنلسٹ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی حالیہ ایونٹ میں کارکردگی قابل رشک نہیں رہی،خاص طور پر بیٹنگ لائن جدوجہد کرتی دکھائی دی ہے،اس وقت بھی وہ 4 پوائنٹس کیساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

ٹیم دبئی میں بہتر کارکردگی سے پلے آف مرحلے میں رسائی کی امیدیں برقرار رکھنے کیلیے کوشاں ہوگی،گذشتہ دونوں ایڈیشنز کی ناکام ترین ٹیم لاہور قلندرز اس بار بھی یہ لیبل اتارنے میں ناکام ہوئی اور 5میچز میں ایک بھی فتح اپنے نام نہیں کرسکی۔

دبئی میں منگل کو ہونے والا میچ اس لیے بھی خاص دلچسپی کا حامل ہے کہ دفاعی چیمئن پشاور کی ٹیم کو نئی فرنچائز ملتان سلطان نے افتتاحی میچ میں 7وکٹ سے زیر کرتے ہوئے پی ایس ایل میں زبردست انٹری دی تھی، بعد ازاں بھی اس نے پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پر جگہ بنا رکھی ہے، پشاور زلمی کی پوری کوشش ہوگی کہ ہمیسٹرنگ انجری کا شکار کپتان سیمی کے بغیر بھی دبئی میں پہلے معرکے میں شکست کا بدلہ چکانے میں کامیاب ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں