پاکستان جانے کا فیصلہ والدین اور اہلیہ سے مشاورت کے بعد کروں گا شین واٹسن

پی ایس ایل میں معیاری کرکٹ ہورہی ہے جس سے پاکستان کو نیا ٹیلنٹ حاصل ہوگا، بیٹسمین


Numainda Khususi March 10, 2018
پی ایس ایل میں معیاری کرکٹ ہورہی ہے جس سے پاکستان کو نیا ٹیلنٹ حاصل ہوگا، بیٹسمین فوٹو: فائل

شین واٹسن پاکستان آمد کے حوالے سے شش و پنج کا شکار ہیں، آسٹریلوی آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ والدین اور اہلیہ سے مشاورت کے بعد فیصلہ کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شب کراچی کنگز کو شکست دینے کے بعد پریس کانفرنس میں شین واٹسن نے کہا کہ پی ایس ایل کی مدد سے کرکٹ پاکستان کا جاری رہنا خوش آئند ہے، پاکستانی اس کھیل سے بے پناہ لگاؤ رکھتے اور اپنے ہوم گراؤنڈ پر اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

پاکستان جانے سے متعلق سوال پر شین واٹسن نے کوئی واضح جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ پہلے زیادہ اہمیت کی حامل یہ بات ہے کہ ہم فائنل میں پہنچیں اور ٹیم اس کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے، میں پہلے بھی کہہ چکا کہ پاکستان جانے کے لیے کچھ رکاوٹیں ہیں تاہم والدین اور اہلیہ سے مشاورت کے بعد فیصلہ کروں گا۔

ایک سوال پر شین واٹسن نے کہا کہ پی ایس ایل میں معیاری کرکٹ ہورہی ہے جس سے پاکستان کو نیا ٹیلنٹ حاصل ہوگا، اگر یہاں کا ماحول اور معیار پسند نہ ہوتا تو دوبارہ کھیلنے کا فیصلہ نہیں کرتا، ابتدا میں ناکامیوں کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا، ٹیم کا ردھم میں واپس آنا بڑی خوشی کی بات ہے، سرفراز احمد بہترین کپتان ہیں۔

واٹسن نے مزید کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ اچھا وقت گزرا تھا، کوئٹہ بہترین فرنچائز اور اس میں موجود نوجوانوں کو کیون پیٹرسن اور کپتان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔

یاد رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی کیون پیٹرسن کے حوالے سے بھی صورتحال واضح نہیں ہے۔ انگلش بیٹسمین نے گذشتہ سیزن کا لاہور میں شیڈول فائنل بھی کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں