چالان کا ریکارڈ فوری معلوم کرنے کیلئے ڈیوائس کے استعمال کا فیصلہ

50پرسنل ڈیجیٹل اسسٹنٹ ڈیوائس افسران کودینگے،ڈیوائس میں افسرڈرائیورکے لائسنس کا نمبرلکھ کر تمام ریکارڈمعلوم کرلے گا


Munawar Khan April 05, 2013
پرسنل ڈیجیٹل اسسٹنٹ ڈیوائس ۔ فوٹو : ایکسپریس

ٹریفک پولیس نے قوانین کی خلاف ورزیوںکا ریکارڈ فوری معلوم کرنے کیلیے پرسنل ڈیجیٹل اسسٹنٹ( پی ڈی اے )ڈیوائس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

جس کی مدد سے ٹریفک پولیس کے ریکارڈ میں ڈرائیوروں کے گزشتہ چالان کے حوالے سے مکمل معلومات دستیاب ہوگی بلکہ ایک ہی خلاف ورزی پر ڈرائیورکے کتنے چالان ہوچکے ہیں اس کا بھی پتہ چل جائیگا، ڈی آئی جی ٹریفک عبدالخالق شیخ نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کا سابقہ ریکارڈ موقع پر موجود ٹریفک پولیس کے افسر کے سامنے لانے کے لیے پہلی بار پرسنل ڈیجیٹل اسسٹنٹ(پی ڈی اے )ڈیوائس متعارف کرائی جارہی ہے اور جلد ہی عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کو جدید خطوط پر لانے اور اس میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید بڑھنے سے نہ صرف ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروںکی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا بلکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف بھی موثر کارروائی عمل میں لائی جاسکے گی، اے ڈی آئی جی ٹریفک ڈاکٹر قمر رضوی کا کہنا ہے کہ پرسنل ڈیجیٹل اسسٹنٹ ( پی ڈی اے )ڈیوائس موبائل فون کی طرح ہوتی ہے جسے باآسانی اپنے پاس رکھا جا سکتا ہے۔



جبکہ اس ڈیوائس میں نصب موبائل فون سم کی مدد سے ٹریفک پولیس کے کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ سسٹم سے فوری لنک کرکے ڈرائیور کے لائسنس کا نمبر لکھ کر اس کا ریکارڈ موقع پر موجود ٹریفک پولیس افسر کے سامنے آجائے گا جس میں لائسنس سے متعلق معلومات کے ساتھ ساتھ گزشتہ کی جانیوالی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کیے جانے والے چالان کا تمام ڈیٹا بھی معلوم ہوجائے گا، انھوں نے بتایا کہ ایک موبائل فون کمپنی سے مذکورہ سروس کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

پرسنل ڈیجیٹل اسسٹنٹ ڈیوائس کے حوالے سے ٹریفک پولیس افسران کو ایک بریفنگ بھی دی گئی جس میں ڈیوائس کی کارکردگی کے حوالے سے مختلف وڈیو بھی دکھائی گئیں، ڈاکٹر قمر رضوی نے بتایا کہ50ڈیوائس خریدنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیاجو ٹریفک پولیس سیکشن کے انچارجز کو فراہم کی جائیں گی، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی اے ڈیوائس استعمال کے دوران ڈرائیور کی جانب بار بار ایک ہی ٹریفک قانون کی خلاف ورزی سامنے آنے پر اس کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے کے حوالے سے بھی مشاورت کا عمل جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں