دیامیر بھاشا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی آئندہ ہفتے منظوری متوقع

ڈیم کی پیداواری صلاحیت 4500میگاواٹ ہوگی،سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کااجلاس طلب،مہمند ڈیم کی بھی منظوری کاامکان


حسیب حنیف March 18, 2018
گوادرریلوے کوریڈور،اے ایس ایف ہاؤسنگ،فروٹ ویجیٹیبل پروسیسنگ سینٹرنوشہرو سمیت 33 پروجیکٹس پیش کیے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR: وفاقی حکومت کی جانب سے مہمند ڈیم اور دیا میر بھاشا ڈیم منصوبے کو فنڈز کی منظوری کے لیے آئندہ ہفتے سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) میں پیش کیا جائے گا۔

''ایکسپریس'' کو موصول دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کا اجلاس آئندہ ہفتے بلا لیا گیا ہے، اجلاس میں اربوں روپے مالیت کے 33منصوبے منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے، ان منصوبوں میں بجلی کی پیداوار کے سلسلے میں اہمیت کا حامل منصوبہ مہمند ڈیم ہائیڈ رو پاور منصوبہ شامل ہے جس کی پیداواری صلاحیت 800 میگاواٹ ہو گی اور منصوبے پر مجمو عی طور پر 1کھرب 95 ارب 91کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔

وفاقی حکومت اپریل تک مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دے گی، اسی طرح 1کھرب 23ارب 81کروڑ روپے لاگت کا دیا میر بھا شا ڈیم بھی سی ڈی ڈبلیو پی میں فنڈز کی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، دیامیر بھاشا ہائیڈ رو پاور پروجیکٹ 4500 میگاواٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت کا منصوبہ ہے، ان دونوں ڈیموں کی تعمیر سے پاکستان کو توانائی بحران پر قابوپانے میں کافی حد تک مدد مل سکتی ہے۔

اسی طرح سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سمندری پانی سے کٹاؤ اور سمندری سطح میں اضافے کی مانیٹرنگ اور اس کو روکنے کے لیے 65کروڑ روپے لاگت کا منصوبہ بھی آئندہ سی ڈی ڈبلیو پی اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، 13کروڑ 81لاکھ روپے لاگت سے وزیر اعظم اسکیم کے تحت یونیورسٹی کے طلبا کو الیکٹرک ویل چیئرز کی فراہمی کا منصوبہ بھی پیش کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں 5ارب 3کروڑ 99 لاکھ روپے کی لاگت سے گوادر میں ریلو ے کوریڈور کے لیے لینڈ ایکوزیشن کا منصوبہ، 2 ارب 69کروڑ 61 لاکھ روپے لاگت سے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے لیے رہائش گاہوں کی تعمیر، 16ارب 42کروڑ 78لاکھ روپے لاگت سے پشاور موڑ سے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک انفرااسٹرکچر اور الائیڈ ورکس کی تعمیرکا منصوبہ، نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں انفرااسٹرکچر فیسلیٹی کی اپ گریڈیشن، ڈسٹرکٹ کرک خیبرپختونخوا میں انسٹی ٹیوٹ آف پٹرولیم ٹیکنالوجی کے قیام، گلگت میں میڈیکل کالج کے قیام، نوشہروفیروز میںفروٹ اینڈ ویجی ٹیبل پروسیسنگ سینٹر کے قیام، چین پاکستان اکنامک کوریڈور انڈسٹریل کوآپریشن ڈیولپمنٹ پروجیکٹ، پی ٹی وی کے کیمرے اور پروڈکشن آلات کی ماڈرنائزیشن سمیت 33منصوبے منظوری کے لیے سی ڈی ڈبلیو پی میں پیش کیے جائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں