نیب نے مشرف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات شروع کردیں

اسپورٹس بورڈ اور نارووال اسپورٹس سٹی میں کرپشن پراختر گھن جیرا کو طلب کرنے کا فیصلہ


Agencies/Numainda Express March 25, 2018
اسپورٹس بورڈ اور نارووال اسپورٹس سٹی میں کرپشن پراختر گھن جیرا کو طلب کرنے کا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

نیب نے سابق صدر پرویزمشرف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کا آغازکرتے ہوئے شکایت کنندہ سے سابق صدرکیخلاف شواہد مانگ لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف نے اپنی آمدن سے زائد اثاثے بنائے اور ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس بھی ادا نہیںکیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے شکایت کنندہ سے سابق صدر کے خلاف شواہد مانگ لیے ہیں جن کی بنا پرکارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

علاوہ ازیں آئی این پی کے مطابق نیب نے پاکستان اسپورٹس بورڈاور نارووال اسپورٹس سٹی میں مبینہ کرپشن پر سابق ڈی جی اسپورٹس بورڈ اختر گھنجیرا کو طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا، نیب نے مبینہ کرپشن سے متعلق تمام ریکارڈ حاصل کرلیا ہے جس کے مطابق اختر گھنجیرا ڈی جی اسپورٹس بورڈ کے ساتھ نارووال سپورٹس سٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر بھی رہے، اس منصوبے کا ٹھیکہ بھی غیر قانونی طریقے سے دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سابق ڈی جی اسپورٹس بورڈکے خلاف نیب کی طرف سے شروع کی گئی انکوائری میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مبینہ کرپشن بے ضابطگیوں اورقواعدکی خلاف ورزیوں پر25اپریل 2017کو اخترگھنجیراکو معطل کیا، اسٹیبلشمنٹ نے معطلی کا 25اپریل کا آفس میمورنڈم جاری کردیا۔

اسٹیبلشمنٹ نے وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی)کوکہا کہ اخترگھنجیرا کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر کے اس کے خلاف انضباطی کارروائی کیلئے سمری وزیراعظم کو ارسال کی جائے، جس پر آئی پی سی نے 26اپریل کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں اختر گھنجیرا کو 3ماہ سے معطل کر دیا گیا تھا لیکن گھنجیرا کے خلاف کرپشن کے مبینہ الزامات کی نہ ہی انکوائری مکمل کر کے وزیراعظم کو بھجوائی گئی اور نہ ہی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گھنجیرا کو 3ماہ بعد بحال کیا بلکہ آئی پی سی کے جوائنٹ سیکریٹری خیال زاد گل کو ڈی جی کا اضافی چارج دے دیا گیا، 3 ماہ بعد اسٹیبلشمنٹ ، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور وزیر اعظم سیکریٹریٹ کے احکامات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بغیر انکوائری اور وزیراعظم کی منظوری کے بغیر بحال کرکے گھنجیراکو ڈی جی لگا دیا اور اختر گھنجیراکیخلاف مبینہ الزامات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق نیب کی طرف سے حاصل کئے گئے ریکارڈکے مطابق اختر گھنجیرا ڈی جی اسپورٹس بورڈ کیساتھ ساتھ 4ارب روپے کے نارووال اسپورٹس سٹی کا پراجیکٹ ڈائریکٹر بھی خود ہی بن گیا، نیب نے 22 فروری کو وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ اور سابق ڈی جی سپورٹس بورڈکے خلاف انکوائری شروع کی، ڈی جی سپورٹس بورڈ اختر گھنجیرا 28فروری کوریٹائر ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ شکایت کنندہ انعام الرحیم نے سابق صدر پرویزمشرف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور بدعنوانی کا الزام لگا کرنیب سے تحقیقات کی درخواست کی تھی تاہم نیب نے ابتدا میں یہ درخواست مستردکر دی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے نیب کو سابق صدر کیخلاف کارروائی کا اختیار دیا گیا جس کے بعد شکایت کنندہ نے نیب کو ایک بار پھر خط لکھا جس پر تحقیقات کا آغازکردیا گیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں