دوڑ ٹیسٹ میں شریک نوجوان زندگی ہار گیا

کانسٹیبل بھرتی کے امیدواروں کو 2 کلومیٹر کا فاصلہ7 منٹ میں طے کرنا تھا۔


Nama Nigar April 08, 2018
بیروزگاری کا مارا 2 بچوں کا باپ بے ہوش ہو کر گر پڑا۔ فوٹوفائل

شدید گرمی اور حبس میں پولیس میں بھرتیوں کے لیے ہونے والے جسمانی ٹیسٹ میں شریک نوجوان چل بسا جبکہ دوسراہیٹ اسٹروک کے باعث اسپتال پہنچ گیا۔

میرپورخاص رینج میں پولیس میں کانسٹیبل کی بھرتیوں کے لیے قیامت خیزگرمی اور شدید حبس میں دوڑ کا ٹیسٹ لیا گیا۔ 2 کلومیٹر کا فاصلہ7 منٹ میں طے کرنا تھا جس سے امیدواروںکی حالت خراب ہوگئی۔

میرپورخاص کے تعلقہ سندھڑی کے گوٹھ تگوسر کا رہائشی 25 سالہ محمد ارشاد سومرو والد عثمان سومرو بھی دوڑ میں شامل تھا جو بے ہوش ہو کرگر پڑا۔ موقع پر مناسب طبی سہولت کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے اسے سول اسپتال میرپورخاص منتقل کیا گیا۔

سول اسپتال شعبہ امراض قلب میں قائم ہیٹ اسڑوک وارڈ کے 4 ایئرکنڈیشنر پہلے ہی خراب ہیں مذکورہ وارڈ میں نوجوان کو منتقل کیا گیا تاہم 2 بچوں کا بیروزگار باپ کئی گھنٹے موت اور زندگی کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔

نوجوان کی ہلاکت کے بعد شعبہ ہیٹ اسٹروک کی حالت بہتر بنانے کے لیے انتظامیہ متحرک ہوگئی۔پولیس حکام نے بھی اس کا نوٹس لے لیا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ واقعے سے ایک روز قبل عمرکوٹ کا رہائشی بھیمراج مل بھی جسمانی ٹیسٹ کے دوران ہیٹ اسٹروک سے شدید متاثر ہوا تھا جسے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں