پاک فوج کی تعریف کرنے میں کنجوسی نہ کی جائے الطاف حسین

سیاسی و مذہبی رہنمائوں سے اپیل، قائد متحدہ اور رابطہ کمیٹی کی ایاز امیر اور جمشید دستی کو مبارکباد


Express Desk April 11, 2013
سیاسی و مذہبی رہنمائوں سے اپیل، قائد متحدہ اور رابطہ کمیٹی کی ایاز امیر اور جمشید دستی کو مبارکباد۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں پاک فوج کے جوان اور افسران جس جرات مندی سے وطن عزیز کے دفاع کیلیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، میں اسے دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

الطاف حسین نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں سے اپیل کی کہ وہ پاک فوج کے جوان اور افسران وادی تیراہ کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلیے کوششیں کررہے ہیں، انھیں خراج تحسین پیش کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔ فوج پر تنقید کرنا کوئی جرم نہیں لیکن جب وہ جرات و بہادری سے ملک کے دفاع کیلیے ہر قسم کی قربانیاں دے رہے ہیں تو ان باہمت فوجیوں کی تعریف میں کنجوسی سے کام نہیں لینا چاہیے۔

دریں اثنا الطاف حسین نے سابق رکن قومی اسمبلی اور معروف کالم نگار ایاز امیر کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے پر انھیں دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ بدھ کواپنے ایک تہنیتی بیان میں قائد متحدہ نے کہاکہ ایاز امیر کے کاغذات نامزدگی کی منظوری انصاف اور سچائی کی فتح ہے۔ عدلیہ اور معزز ججوں نے تاریخی اور دانشمندانہ فیصلہ دیا ہے جس پر تمام جج بھی زبردست خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔الطاف حسین نے کہا کہ یہ فیصلہ تاریخ ساز ہے جس میں انصاف، سچ، حق ، عدلیہ اور عوام کی جیت ہوئی ہے ۔

دریں اثنا ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے ایاز امیر کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کا خیرمقدم کیا ہے اورایازامیرسمیت ملک بھرکے عوام کوحق کی فتح پر مبارکبا د پیش کی ہے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ الطاف حسین پاکستان کے واحد رہنما ہیں جنھوں نے ایازامیرکے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف حق پرستانہ مؤقف اختیار کیا اورایازامیر کے حق میں ٹھوس دلائل دیے ۔

ایم کیوایم کے تمام کارکنان کو فخر ہے کہ قائد تحریک کے مضبوط دلائل کا زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے نوٹس لیا اورالطاف حسین کی آواز میں آواز ملائی ۔رابطہ کمیٹی نے سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو جعلی ڈگری کیس میں 3سال قید اور5 ہزار روپے جرمانے کی سزا کو کالعد م قرار دینے پر انھیں بھی مبار کباد پیش کی ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جمشید دستی نے ہمیشہ غریب و متوسط طبقے کی جدوجہد کے لیے اپنا مثبت کردار اداکیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے بینچ کو بھی مبا ر کباد پیش کی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں