بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں جولائی تا فروری 624 فیصد اضافہ

جنوری کے مقابلے میں فروری کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں1.51 فیصدکمی ہوئی


Waqai Nigar Khusoosi April 09, 2018
فروری2017کے مقابل فروری2018میں ترقی کی شرح5.52فیصدبڑھی،ادارہ شماریات۔ فوٹو: فائل

ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں بہتری ہوئی ہے اور رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار 6.24 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق فروری 2017 کی نسبت 2018 کے دوران بڑی صنعتوں کی ترقی کی شرح میں 5.52فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ جنوری 2018کے مقابلے میں فروری 2018 کے دوران بڑی صنعتوں کی ترقی کی شرح میں 1.51فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

جولائی تافروری2018 کے دوران الیکڑونکس، آئرن اور اسٹیل کی مصنوعات، آٹو سیکٹر، نان میٹالک منرلز، کوک اینڈ پٹرولیم مصنوعات، فارماسیوٹیکلز، پیپر اور بورڈ اور انجینئرنگ کے شعبے کی مصنوعات میں بہتری ہوئی ہے۔ 8 ماہ کے دوران ربڑ کی مصنوعات، خوراک مشروبات اور تمباکو کے شعبے کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمارکے مطابق رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران لکڑی کی مصنوعات، چمڑے کی مصنوعات فرٹیلائزر اور کیمیکلز کے شعبے کی صنعتوں کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے۔ جولائی تا فروری 2018کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے الیکڑونکس کا شعبہ سرفہرست رہا اور اس شعبے میں بہتری کی شرح نمایاں رہی۔

دستیاب اعدادوشمار کے مطابق الیکڑانکس کے شعبے کی ترقی کی شرح 38.79 فیصد رہی۔ آئرن اور اسٹیل کی مصنوعات کی ترقی کی شرح 30.85 فیصد اور آٹوسیکٹر کی پیداوار میں 19.58فیصد کی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ نان میٹالک اور منرلز مصنوعات کی ترقی کی شرح 11.87فیصد، کو ک اور پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں بہتری کی شرح 10.26فیصد فارما سیوٹیکلز 9.44 فیصد، پیپراور بورڈ کی صنعتوں کی ترقی 8.06 فیصد رہی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ربڑ کی مصنوعات کی ترقی 6.83فیصد انجینئرنگ مصنوعات کی پیداوار میں 5.21فیصد کی ترقی ہوئی ہے۔ خوراک مشروبات اور تمباکو کی صنعتوں کی ترقی کی شرح 2.33 فیصد اور ٹیکسٹائل کے شعبے کی بہتری کی شرح 0.47فیصد رہی ہے۔

سالانہ بنیادوں پر لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار میں 27.32 فیصد چمڑے کی مصنوعات کی پیدوار میں7.91 فیصد کی کمی ہوئی۔ فرٹیلائزر کے شعبے کی پیداوار میں جولائی تافروری 7.36فیصدکی کمی ہوئی ہے۔ آئل کمپنیز ایڈوائزریز کونسل مطابق جولائی تا فروری پٹرولیم کی پیداوار میں 10.26 فیصد اضافہ ہواہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں