فلموں تک محدود نہیں ٹی وی ڈراموں میں اچھا کردار ملا تو ضرور کروں گی صائمہ اظہر

ریمپ پرواک اورٹی وی اشتہارات ماڈلنگ آسان لیکن فلم میں اداکاری کرنا انتہائی مشکل ہونے کیساتھ ساتھ دلچسپ کام ہے،اداکارہ


Qaiser Iftikhar April 24, 2018
بھارت میں پاکستانی اداکاراؤں کو جاندارکردارنہیں ملتے وہاں کام کافیصلہ سوچ سمجھ کر ہی کروں گی ، ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

اداکارہ و ماڈل صائمہ اظہر نے کہا ہے کہ اداکاری کیلیے خود کو صرف فلموں تک محدود نہیں رکھنا چاہتی، ٹی وی ڈراموں میں جب کوئی اچھا کردارآفرہوگا تو میں ضرور کام کروں گی۔

''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے صائمہ اظہرنے کہا کہ ایک وقت تھا جب خوبصورت پیراہن، قیمتی جیولری اورلانگ ہیل کے ساتھ ریمپ پرواک کرتے ہوئے ڈرلگتا تھا اور اس کیلیے بہت تیاری کی جاتی تھی۔ پھر ٹی وی کمرشل کا دورشروع ہوا اوریہ مرحلہ بھی خاصا مشکل تھا لیکن کڑی محنت اور آگے بڑھنے کے جذبے نے ان تمام مشکلات سے بچایا اورآج میں فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہوں۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ کام بھی اپنی مثال آپ ہی ہے کیونکہ جب تک اس شعبے میں نہیں آئے تھے تویوں محسوس ہوتا تھاکہ یہ سب بہت آسان ہے اور اس کام کوکرنے کیلیے کچھ خاص جتن کرنے کی ضرورت نہیں ہے مگراس کام کوکرنے کے بعد پتہ چل رہا ہے کہ یہ بہت مشکل اورباریک کام ہے۔ یہ دور سے جتنا آسان دکھائی دیتا ہے، اتنا ہی چیلنجنگ ہے۔

صائمہ اظہر نے کہا کہ ایک کردارکونبھانا اوراس کواپنے اوپرطاری کرنا ہرکسی کے بس کی بات نہیں۔ اس لیے اب مجھے اپنے کردارمیں حقیقت کا رنگ بھرنے کیلیے کڑی محنت کرنا پڑ رہی ہے۔ بڑی اسکرین پر اچھا دِکھنے کے ساتھ ساتھ مجھے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا بہترین اظہار بھی ضروری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں صائمہ اظہر نے کہاکہ ایکٹنگ کیلیے خود کو صرف فلموں تک محدود نہیں رکھنا چاہتی۔ ٹی وی ڈراموں میں جب کوئی اچھا کردارآفرہوگا تو میں ضرور کام کروں گی، البتہ پڑوسی ملک بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے بہت سوچ وچار کے بعد ہی کوئی فیصلہ لوں گی کیونکہ میں بخوبی جانتی ہوں کہ بالی ووڈ میں پاکستانی اداکاراؤں کو جو کردار دیے جاتے ہیں وہ ایک طرف تو جاندار نہیں ہوتے اور پھر نئے ہیرو کے ساتھ متعارف کروایا جاتا ہے جو میرے نزدیک بہت بڑی ناانصافی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔