ٹرانسپورٹ و پٹرولیم درآمدات میں نمایاں اضافہ

چاول32.4کروڑ،چینی29.55کروڑ،نٹ ویئر24.5کروڑ، فارما17کروڑاورپٹرولیم ایکسپورٹ میں15.93کروڑکا اضافہ


Business Desk April 24, 2018
جولائی تامارچ مشینری کی درآمدات میں کمی، زرعی93کروڑ، ٹرانسپورٹ95.7کروڑ، خام وریفائن پٹرولیم مصنوعات2.47ارب ڈالرکی زیادہ منگوائی گئیں۔ فوٹو: فائل

ٹرانسپورٹ اور پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے خوراک وٹیکسٹائل برآمدات میں آنے والی ٹھوس ریکوری دھندلا گئی جس کے نتیجے میں تجارتی خسارے میں کمی نہ آسکی۔

درآمدات کے اضافے میں نمایاں حصہ ٹرانسپورٹ گروپ، پٹرولیم گروپ اور ایگریکلچرل و دیگر کیمیکلز کا رہاجبکہ مشینری امپورٹ کم ہوئی، جولائی سے مارچ تک ٹرانسپورٹ درآمدات 95.72 کروڑ اور خام وریفائن پٹرولیم مصنوعات 2.47ارب ڈالر زیادہ منگوائی گئیں۔

اسی طرح زرعی وکیمیائی درآمدات بھی 93 کروڑ ڈالر زیادہ رہیں، اس کے برعکس برآمدی اشیا کی ریکوری ٹھوس مگر درآمدی اشیا کے مقابلے میں کم رہی جس کی وجہ سے برآمدات میں اضافے کے مثبت اثرات ظاہر نہ ہوسکے۔

برآمدات میں جولائی تانومبر 2ارب ڈالر کا اضافہ ہوا جس میں سب سے زیادہ حصہ چاول کا 32.4 کروڑ ڈالر رہا جبکہ چینی 29.55 کروڑ، نٹ ویئر24.5کروڑ، ریڈی میڈ گارمنٹس 21.4کروڑ، فارما پروڈکٹس 17 کروڑاور پٹرولیم ایکسپورٹ میں 15.93کروڑکا اضافہ ہوا، اسی طرح گڑ و گڑ کی مصنوعات، گوشت، پھل وسبزیوں، اسپورٹس گڈز، آلات جراحی، انجینئرنگ گڈز، چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا مگر یہ محدود رہا۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 9ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 17.17 فیصد یا3ارب99کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 27 ارب 26کروڑ80لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا حالانکہ اس دوران برآمدات 13.10 فیصد یا 2ارب ڈالر بڑھ کر 17.07ارب ڈالر تک پہنچ گئیں مگر درآمدات اس سے بھی زیادہ یعنی 15.57 فیصد یا 5ارب97کروڑ30لاکھ ڈالرکے اضافے سے 44ارب 34کروڑ 20لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں