مائی کراچی نمائش کامیاب دورانیہ 5 روز تک بڑھانے پر غور

312اسٹالزپرمقامی وغیرملکی ایگزبیٹرز نے اشیاپیش،10لاکھ افراد دیکھنے آئے،سراج تیلی


Business Desk April 24, 2018
خصوصی سیکریٹریٹ قائم،ایف بی آروکسٹمزڈیٹاسینٹرزکواپ گریڈکیاجائیگا،دستاویز۔ فوٹو: ایکسپریس

بزنس مین گروپ کے چیئرمین اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سراج قاسم تیلی نے کہا ہے کہ ایکسپو سینٹر کراچی میں 3روز تک جاری رہنے والی 15ویں '' مائی کراچی '' نمائش کے دوران ایکسپو سینٹر کے تمام 6ہالز مکمل طور پر بھرے رہے جو کراچی چیمبر او بزنس مین گروپ کے لیے بڑا اعزاز ہے، یہ نمائش بزنس مین گروپ اور کراچی چیمبر کی شناخت بن گئی ہے۔

'' مائی کراچی'' کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج قاسم تیلی نے اعلان کیا کہ کے سی سی آئی کے زیر اہتمام 16ویں '' مائی کراچی''نمائش ایکسپو سینٹر میں 5،6 اور 7اپریل 2019 کو منعقد ہوگی، حالیہ نمائش کے دوران عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہوئی جس کے مدنظر اب ہم نمائش کو 3دن سے بڑھا کر 5دن تک جاری رکھنے کی ممکنات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اس موقع پر بی ایم جی کے وائس چیئرمین طاہر خالق، زبیر موتی والا،کے سی سی آئی کے صدر مفسر عطا ملک، سینئر نائب صدر عبدالباسط عبدالرزاق، نائب صدر ریحان حنیف،خصوصی کمیٹی برائے''مائی کراچی'' نمائش محمد ادریس،سابق صدور اے کیو خلیل، عبداللہ ذکی،یونس محمد بشیر اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔

سراج قاسم تیلی نے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ نمائش میں تقریباً7 سے 10 لاکھ کے درمیان افراد نے شرکت کی تاہم یہ تعداد گرمی کی وجہ سے گزشتہ سال سے کچھ کم رہی، نمائش نے مقامی و غیر ملکی نمائش کنندگان کو ایکسپو سینٹر کے تمام 6 ہالز میں 312 اسٹالز پر اپنی مصنوعات کی تشہیر کیلیے بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، ترکی،سری لنکا،ویتنام، فلپائن، ملائیشیا، یوکرین اور رومانیہ کے70 غیرملکی نمائش کنندگان بھی موجود تھے،ہم نے سب کو آن بورڈ لیا، یہ خوش آئند ہے کہ پاکستان نیوی، رینجرز سندھ ، پاکستان میرین اکیڈمی اور پولیس نے بھی نمائش میں حصہ لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔