پشاور میں نجی اسکولوں کا احتجاج ہائی کورٹ کا ہڑتالی اسکولوں کو تحویل میں لینے کا حکم

احتجاج کرنے والے اسکولوں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے جائیں، پشاور ہائی کورٹ


یاسر علی April 24, 2018
خیبر پختونخوا ریگولیٹری اتھارٹی نےنجی اسکولوں کو موسم گرما اور سرما کی تعطیلات میں آدھی فیس اور ٹرانسپورٹ کی فیس نہ لینے کی ہدایت کررکھی ہے فوٹو: فائل

ہائی کورٹ نے صوبے میں ہڑتال کرنے والے نجی اسکولوں کو تحویل میں لینے اور ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس محمد ایوب نے نجی اسکولوں کی فیسوں سے متعلق کیس کی سماعت کی، ہائی کورٹ نے اسکول فیسوں سے متعلق عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے سے متعلق مختلف کیسز کو یکجا کیا تھا۔

کیس کی سماعت کے دوران خیبر پختونخوا ریگولیٹری اتھارٹی کے مینجنگ ڈائریکٹر ظفر علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ والدین کی جانب سے عباس خان سنگین ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے عدالت کو بتایا کہ ہائی کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا اور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق تین فیصد اضافہ کے بجائے دس فیصد اضافہ کیا جارہا ہے۔

ایم ڈی خیبر پختونخوا ریگولیٹری اتھارٹی نے بتایا کہ نجی اسکولوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں، عدالت نے حکم دیا کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور ہڑتال کرنے والے اسکولوں کو تحویل میں لیا جائے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا ریگولیٹری اتھارٹی نےنجی اسکولوں کو موسم گرما اور سرما کی تعطیلات میں آدھی فیس اور ٹرانسپورٹ کی فیس نہ لینے کی ہدایت کررکھی ہے، تاہم درجنوں اسکولوں کی انتظامیہ نے اس فیصلے کے خلاف احتجاجاً دو روزہ ہڑتال کردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں