ایشین یوتھ اولمپکس ہاکی کوالیفائرز پاکستان نے کمبوڈیا کو 20 گول سے مات دے دی

حماد انجم کی ڈبل ہیٹ ٹرک، گرین شرٹس نے پہلے میچ میں سنگاپور کیخلاف 5-0 سے فتح پائی۔


مرتضیٰ یعقوب نے3 بار گیند کو جال میں پہنچایا۔ فوٹو: فائل

ایشین یوتھ اولمپکس گیمز کوالیفائرز ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے سنگاپور اور کمبوڈیا کو ہرا کر مسلسل 2 فتوحات حاصل کیں ٹیم نے کمبوڈیا کو 20 گول سے مات دی۔

یوتھ اولمپک کوالیفائرز کے دلچسپ مقابلے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں جاری ہیں۔ جمعرات کوپاکستانی جونیئر ٹیم نے 2 میچز کھیلے اور دونوں میں یکطرفہ مقابلوں کے بعد بازی اپنے نام کی۔ پہلے میچ میں گرین شرٹس نے سنگاپور کو 5-0 جبکہ دوسرے میچ میں کمبوڈیا کو 20-0 گولز کے واضح مارجن سے شکست دی۔

پاکستانی جونیئر ٹیم نے سنگاپور کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے با آسانی 5-0 گولز سے کامیابی حاصل کی، مرتضیٰ یعقوب نے شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جبکہ حماد انجم نے 2 گول اسکورکیے، اسی روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستانی جونیئر ٹیم نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمبوڈیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 20-0 گولز کے بھاری مارجن سے ہرا کر مسلسل 2 کامیابیاں حاصل کیں۔

حماد انجم، وقاص احمد، مرتضیٰ یعقوب اور ذوالقرنین نے شاندار ہیٹ ٹرکس اسکور کر کے ٹیم کو شاندار فتح دلائی، حماد نے 6، وقاص نے 4، مرتضیٰ اور ذوالقرنین نے 3، 3 اور محب اللہ نے ایک گول کیا۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے چائنیزتائپے کے خلاف ابتدائی میچ 3-3 گولز سے برابر کھیلا تھا، گرین شرٹس ایونٹ میں جمعے کو آخری 2 میچز کھیلے گی، پہلے میچ میں اس کا مقابلہ ملائیشیا اور دوسرے اور آخری میچ میں بنگلہ دیش کے مدمقابل ہوگی، ایونٹ کے سیمی فائنلز 28 اپریل جبکہ 2 ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 29 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں