عرب امارات پاکستان سے تجارتی تعاون بڑھانے کا خواہاں

یو اے ای میں جگہ بنانے کیلیے مارکیٹنگ اورکاروباری روابط پر توجہ دی جائے،اماراتی سفیر


APP May 02, 2018
صدرفیڈریشن سے ملاقات،ایکسپو2020 میں شرکت کی دعوت،غضنفربلور نے قبول کرلی فوٹو: سوشل میڈیا

متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان سے تجارتی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

دونوں ممالک کے مابین بھائی چارے کا دیرینہ رشتہ ہے، پاکستانی مصنوعات معیاری ہیں مگر انھیں یو اے ای کی منڈی میں وہ مقام حاصل نہیں جو ہونا چاہیے جس کے لیے مارکیٹنگ کو بہتر بنانے کے ساتھ دونوں ممالک کی کاروباری برادری اور دیگر شراکت داروں کومل کر کوشش کرنا ہو گی۔ یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم نے ان خیالات کا اظہار فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی کے صدرغضنفر بلورسے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور کریم عزیز ملک و عاطف اکرام شیخ، چیئرمین کو آرڈینیشن ملک سہیل اور آمنہ ملک بھی موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان سے تجارتی تعلقات بڑھانا ان کا مشن ہے۔انھوں نے پاکستانی کمپنیوں کو دبئی میں منعقد ہونے والے ایکسپو 2020 میں بھرپور شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ 1083 ایکڑ پر ہونے والے اس ایکسپو میں 170 ممالک کی ہزاروں کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔

اس دوران دنیا کے سب سے بڑے شمسی توانائی کے منصوبے کی تکمیل بھی ہو جائے گی۔ اس موقع پر غضنفر بلور نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کو مل کر ترقی کی منزل طے کرنے کی ضرورت ہے، پاک فوج کی قربانیوں کی وجہ سے دہشت گردی دم توڑ چکی ہے اور امن بحال ہو چکا ہے اس لیے غیر ملکی سرمایہ کار بلا خوف و خطر پاکستان کا رخ کر سکتے ہیں، ہم دبئی ایکسپو میں بھرپور شرکت کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں