زراعت پولٹری ڈیری کو زیادہ مراعات ملیں ایکسپریس پوسٹ بجٹ فورم

4 ماہ کا بجٹ ہے، غضنفر بلور، معیشت ریگولر ہو گی، توقیر بخاری ایڈووکیٹ، تعمیراتی شعبے کیلیے کچھ نہیں دیا، عارف جیوا


بجٹ کی کریڈیبلٹی نہیں، ساجد امین، ملازمین کیلیے اچھا نہیں، مختار احمد، مسائل کا حل دینا ہو گا، تنصیر بخاری کا اظہار خیال۔ فوٹو: ایکسپریس

ملک کی کاروباری، صنعتکار برادری، سرکاری و نجی ملازمین، ٹیکس بارز نمائندگان اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر ملے جلے ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے اسے سیاسی بجٹ قرار دیا ہے۔

ماہرین نے کہا کہ عام انتخابات ہونے کی صورت میں موجودہ بجٹ 4 ماہ کیلیے ہوگا اور آنے والی حکومت اپنا بجٹ لائے گی بصورت دیگر یہی بجٹ پورا سال چلے گا۔

روزنامہ ایکسپریس کے زیراہتمام پوسٹ بجٹ فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے کہاکہ یہ ایک سیاسی اور الیکشن بجٹ ہے، یہ 4ماہ کا بجٹ ہے اوراگر الیکشن نہ ہوئے تویہ چلتا رہے گا، فیڈریشن کو اس بجٹ پر تحفظات ہیں، بجٹ میں زراعت، ڈیری اور پولٹری شعبے کو بہت زیادہ مراعات دی گئی ہیں۔

غضفربلور نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم اچھا اقدام ہے جس سے ریونیو ملے گا، ملک میں غیر ملکی زمین خرید رہے ہیں حکومت ان کیلیے قانون بنائے۔

ایسوسی ایشن آف بلڈرزاینڈ ڈیولپرزآبادکے چیئرمین عارف جیوا نے کہاکہ بجٹ عوام کیلئے نہیں، یہ پری الیکشن بجٹ ہے، 4ماہ کے بعد ایک نیا بجٹ آئے گا حکومت کو کہیں سے ہدایات آ رہی ہیں اور انہوں نے بجٹ دے دیا ہے۔

راولپنڈی اسلام آباد ٹٰیکس بارایسوسی ایشن کے صدر سید توقیر بخاری ایڈووکیٹ نے کہاکہ بجٹ میں الٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کو فعال اور مضبوط بنانے کا اقدام قابل تحسین ہے، پہلے اس کے فیصلوںکو تسلیم نہیں کیاجاتاتھا مگر اب بجٹ میں اس کے فیصلوں پر عمل درآمد لازمی قراردیاگیاہے۔

ماہر معاشیات ڈاکٹر ساجدامین نے کہاکہ حکومت نے ایک غیر روایتی بجٹ دینے کی کوشش کی تاہم بجٹ جلدی میں بنایا اور اس بجٹ کی کریڈیبلٹی زیادہ نہیں ہے۔ بجٹ میںگردشی قرضے پر بات نہیں ہوئی ہے۔

چیئرمین بنچ بارکمیٹی راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن سید تنصیر بخاری نے کہاکہ معاشرے میں تعمیری سوچ کو اپنانا ہوگا اور مسائل کا حل دیناہوگا۔

سیکرٹریٹ ایمپلائز یونین کے صدر مختاراحمد نے کہاکہ ملازمین بجٹ سے قبل اس انتظار میں ہوتے ہیں کہ بجٹ میں تنخواہوں پر نظر ثانی ہوگی۔ تعلیم اور صحت کے حوالے سے موجودہ بجٹ میں کچھ نہیں کیاگیا، یہ بجٹ ملازمین کیلیے اچھا نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں