حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کمبائنڈ سائیکل کمرشل آپریشنز شروع

65فٹبال میدانوں کے برابرپلانٹ پر35ملکی اسٹاف نے نسبتاً4ماہ قبل کمیشننگ مکمل کی


Waqai Nigar Khusoosi May 11, 2018
یہ جدید ترین ٹیکنالوجی پاکستان میں پاور سیکٹر کی استعداد کار کی غیرمعمولی سطح کا دروازہ کھول رہی ہے۔ فوٹو: فائل

نیشنل پاور پارکس منیجمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راشد محمود نے کہا ہے کہ پاور پلانٹ نے تمام کمیشننگ سرگرمیاں مکمل کرلی ہیں اور پاور پلانٹ نے 1230میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنے کے لیے کمبائنڈ سائیکل کمرشل آپریشنز شروع کردیے ہیں۔

ایک بیان میں راشد محمود نے کہا کہ یہ منصوبہ ملک کے سب سے بڑے گیس سے چلنے والے کمبائنڈ سائیکل بجلی گھروں میں سے ایک ہے اور اتنی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس سے2.5 ملین گھروں کی ضرورت پوری ہو سکتی ہے اور یہ دنیا کے موثر ترین کمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹس میں ایک ہے۔

راشد محمود نے کہا کہ حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ میں کمبائنڈ سائیکل کمرشل آپریشنز کا آغاز پاکستان کے پاور سیکٹر میں ایک بڑے سنگ میل ہے جس سے قابل انحصار اور باکفایت بجلی تک رسائی بڑھ جانے کے حکومتی مقصد میں مدد ملتی ہے۔ یہ پروجیکٹ معیار اور کمال کے بہترین معیارات کے مطابق تیار کیا گیا ہے اور مستقبل میں یہ ٹیکنالوجی کے حوالے سے بجلی کے منصوبوں کے لیے مثال ثابت ہو گا۔

اس موقع پر حویلی بہادر شاہ میں پروجیکٹ ڈائریکٹر وانگ ژینگ ژو نے کہا کہ حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ اپنی نوعیت کی بہترین ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ عالمی تعاون کی طاقت کا مظہر ہے، ہم نے اس ملک میں موثر ترین کمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹ تعمیر کرنے کے لیے جی ای کی بے مثال ٹیکنالوجی کے ساتھ چینی انجینئرنگ کی غیرمعمولی مہارت سے کام لیا ہے۔ حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ فٹ بال کے65 میدانوں کے حجم کے برابر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کو مکمل کرنے کے لیے 35 ملکوں کے اسٹاف نے کام کیا، اس پر انتہائی تیزی سے کام کیا گیا اور اسے اس قسم کے دوسرے منصوبوں کے مقابلے میں 3 سے 4 ماہ کی کم مدت میں مکمل کیا گیا۔

جی ای گیس پاور سسٹمز مشرق وسطیٰ، پاکستان اور بھارت میں پروجیکٹس بزنس کے محمد علی نے کہا کہ حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ دنیا کے موثر ترین ہیوی ڈیوٹی گیس ٹربائن ایچ اے ٹیکنالوجی سمیت پیداوار کے ایسے آلات استعمال کر رہا ہے جو انڈسٹری کی رہنمائی کرتے ہیں، یہ جدید ترین ٹیکنالوجی پاکستان میں پاور سیکٹر کی استعداد کار کی غیرمعمولی سطح کا دروازہ کھول رہی ہے جس سے بالآخر بجلی کی لاگت کم ہو گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں