رمضان آتے ہی مہنگائی میں ہوشربا اضافہ

ہفتہ وارافراط زر0.93فیصد بلند، کیلے، ٹماٹر، آلو، پیاز، مرغی سمیت21اشیاکے دام بڑھ گئے۔


Waqai Nigar Khusoosi May 19, 2018
صرف لہسن ،آٹے،دال ماش ومونگ کی قیمتوںمیں کمی،28کے بھاؤ برقراررہے، پی بی ایس۔ فوٹو: ایکسپریس

رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی کی شرح میں ہوشربا اضافہ ہوگیا۔

17 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر افراط ز کی شرح میں 0.93فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔ اس دوران 21اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ صرف 4 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور 28اشیا کے بھاؤ میں استحکام رہا۔


پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کیلے، ٹماٹر، آلو ، پیاز، مرغی، ماچس، چائے کی پتی، نمک، اری چاول، گندم، گائے کے گوشت، انڈے، تازہ دودھ، ایل پی جی سلنڈر،گھی، سرخ مرچ،گڑ، چینی اور دال مسورکی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ صرف لہسن ، گندم کے آٹے، دال ماش اور دال مونگ کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔


گزشتہ روز کیلے 23روپے فی درجن، ٹماٹر 6 روپے کلو،آلو 2روپے کلو ،پیاز1 روپے، برائلر مرغی کی قیمت میں7روپے فی کلو کا اضافہ ہوا، چائے کی پتی کا 200 گرام پیکٹ 3 روپے ، اری 6چاول 1روپے ، 10 کلو گرام گندم2 روپے، ہڈی والا گوشت 3روپے، بکرے کا گوشت 5روپے کلو، انڈے1روپے درجن، تازہ دودھ 1روپے فی لیٹر، 11کلو گرام ایل پی جی سلنڈر4 روپے اورگھی 2روپے کلومہنگا ہوگیا جبکہ سرخ مرچ گڑ اور دالوں کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔


گزشتہ ہفتے لہسن 1 روپے فی کلو، 10 کلو گرام آٹے کا تھیلہ2 روپے سستاہوگیا جبکہ دال ماش اور دال مونگ کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔