فلم ’’چشم بدور‘‘ کا پاکستان سے اچھا رسپانس ملا تاپسی پنو

دنیا بھر میں دھوم مچانے والی کسی فلم میں کام کرنے کا میرا پرانا خواب تھا ،اداکاری کے ساتھ ماڈلنگ بھی کی.


Umair Ali Anjum April 24, 2013
پاکستانی عوام کاشکریہ اداکرنے جلدخود وہاں جاؤں گی ، اردوزبان سے بے پناہ محبت ہے،بھارتی اداکارہ کی ٹیلی فون پر ایکسپریس سے گفتگو ۔ فوٹو : فائل

بھارتی اداکارہ تاپسی پنونے کہاہے کہ فلم 'چشم بددور'کاپاکستان سے اچھارسپانس ملاہے میرا پراناخواب تھا کہ کسی ایسی فلم میں کام کرنے کاموقع ملے کہ جس کی دھوم دنیابھرمیں ہوان خیالات کااظہارانھوں نے بھارت سے' ایکسپریس' سے ٹیلی فون پرگفتگوکے دوران کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اداکاری کے ساتھ میں نے ماڈلنگ بھی کی ہے مگر ایک فلم نے میری قسمت بدل دی، پاکستانی عوام کاشکریہ اداکرنے جلدپاکستان آونگی، ایک سوال کے جواب میں اداکارہ تاپسی پنوکاکہنا تھا کہ پاکستانی اداکارعلی ظفربہت اچھے فنکارہونے کے ساتھ اچھے انسان بھی ہیں ان کے ساتھ کام کرکے بہت کچھ سیکھنے کاموقع ملاہے میں ان کی اداکاری اورگلوکاری دونوں کوبے حدپسندکرتی ہوں ہندوستان فلم انڈسٹری میں ان کے کام کو پسند کیا جاتا ہے اور ڈائریکٹرز چاہتے ہیں کہ علی ان کے ساتھ کام کریں۔بھارتی اداکارہ تاپسی پنونے بتایا کہ وہ سکھ ہیں اورہرسال ان کی فیملی لاہورآتی ہے۔

انھوں نے بتایاکہ قیام پاکستان سے قبل ہمارا خاندان لاہور میں ہی قیام پذیرتھاجوکہ پاکستان کے قیام کے بعدہجرت کرکے لاہورسے ہندوستان آگیاتھا ۔آج میں اس فلم کے ذریعے ایک بارپھراس دیس میں ہوں جہاں میرے آباؤاجدادنے خواب دیکھے تھے ۔تاپسی پنونے بتایاکہ میرے والدین اورمجھے اردوزبان سے بے پناہ محبت ہے میں نے جتنے بھی خواب دیکھے ہیں وہ اسی زبان میں دیکھے ہیں ،ادھر ساؤتھ کی اداکارہ تاپسی نے بالی وڈ میں جلوے دکھارہی ہیں۔ اداکارہ تاپسی پنو کی نئی فلم ''چشمِ بددور'' سینماؤں کی زینت بنائی جاچکی ہے ۔

اس فلم میں اداکارو گلوکار علی ظفر رشی کپور اور سدھارتھ نے بھی اہم کردار نبھایا ہے ۔فلم میں جوہی چاولہ کا بھی سرپرائز رول ہے ۔اس فلم کے لیے تین گانے علی ظفر نے خود گائے ہیں ڈیوڈ دھون کی اس فلم کی کہانی سائی پران نے لکھی ہے۔ میوزک ساجد واجد نے تیار کیا ہے۔ رواں سال اداکارہ تاپسی پنو کی 4نئی فلمیں سینماگھروں کی زینت بنائئی جارہی ہیں۔ ماضی میں بننے والی فلم''چشم بددور''کے ریمیک کو بھی باکس آفس پر کامیابی نصیب ہوئی ۔یہ فلم ماضی کی مشہور فلم ''چشم بددور''کا اسی نام سے ریمیک ہے ۔اداکارہ تاپسی پنو کا کہنا ہے کہ فلم ''چشم بددور''میں اہم کردار کوخوبی سے نبھانے کی کوشش کی ۔



شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہوں ۔ انھوں نے کہا کہ فلم کی کہانی عمدہ ہے اسے بہت سلیقے سے فلمایا گیا ہے ۔واضح رہے کہ 26سالہ اداکارہ تاپسی پنو نے شوبز میں کیرئیر کی شروعات ماڈلنگ سے کیں۔یکم اگست 1987کو دہلی کے پنجابی سکھ گھرانے میں پیدا ہونے والی تاپسی نے پہلی فلم تلگو زبان میں کی ۔بنیادی طور پر کمپیوٹر انجینئر ہیں۔ ان کی بہن شگن پنو کو بھی فنون لطیفہ سے دلچسپی ہے اور انھیں بھی فلموں میں لانے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔ تاپسی نے ابتدائی تعلیم دہلی کے ہی جے کور پبلک ہائی اسکول سے حاصل کی۔

تاپسی نے بعدازاں کمپیوٹر سائنس میں گریجوائیشن کرنے کے بعد کیرئیر کا آغاز بطور سافٹ ویئر انجینئر کیا۔ اس شعبے میں کچھ عرصہ خدمات دینے کے بعد تاپسی نے شوبز کا رخ کیا ۔ماڈلنگ میں قدم رکھا تو 2008تک اس شعبے میں نمایاں پرفارمنس پر دو اہم ایوارڈز دیے گئے ۔بھارتی ٹی وی چینل پر بھی پرفارم کرنے کا موقع ملا اور چھوٹی اسکرین پر اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔اسی عرصہ میں تاپسی نے کمرشل میں پرفارم کرکے خود کو ماڈل کے طور پر منوالیا اسی اثنا انھیں بیوٹی کوئین کا بھی اعزاز حاصل ہوا۔

اداکارہ تاپسی نے 2010کے دوران فلمی سفر کا آغاز کیا ۔ان کی پہلی تلگو فلم تھی جسے ساؤتھ کے مشہور ڈائریکٹر راگھوویندراراؤ نے ڈائریکٹ کیا۔ اس فلم میں تاپسی کی بہترین پرفارمنس پر انھیں دو اہم قومی ایورڈز کے لیے بھی نامزد کیا گیا ۔اس فلم کی کامیابی کے بعد تاپسی کو ساؤتھ کی بے شمار فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی اور پھر انھوں نے متعدد تلگو ،تامل اور ملیالم فلموں میں اہم کردار نبھائے ۔ان فلموں میں ان کی بہترین پرفارمنس پر انھیں 6نیشنل فلم ایوارڈز سے نوازا گیا۔

2010سے 2011کے دوران تاپسی کی 10تلگو، تامل اور ملیالم زبانوں میں فلمیں سینماگھروں کی زینت بنائی گئیں۔ان فلموں میں انھیں بہترین پرفارمنس پر کئی ایوارڈز بھی ملے اور ساؤتھ کی انڈسٹری میں ان کے چرچے ہونے لگے۔ 2012 کے دوران تین فلموں میں اہم کردار نبھائے ۔ دریں اثنا ء بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ تاپسی پنو کی پہلی فلم نے ہی سلور اسکرین پر ان کی پرفارمنس کی دھاک بٹھادی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اداکارہ کی گیتوں پر پرفارمنس بھی متاثر کن رہی اور ہر زاویے سے مکمل اداکارہ ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ نقادوں کے مطابق بالی وڈ میں آئندہ بھی تاپسی پنو کی پرفارمنس شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی۔ ان کی ڈائیلاگ ڈلیوری اور رقص کے انداز انتہائی محسور کن ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں