پاکستان ٹیم کو تنبیہ کے بعد ’’اسمارٹ واچز‘‘ تنازع ختم

مستقبل میں دوران میچ ایسی گھڑیاں نہ پہننے کی ہدایت دی ہے،چیئرمین بورڈ


Numainda Khususi May 26, 2018
آئرلینڈ سے اگست میں میچ ممکن نہیں،ٹیم شیڈول کے مطابق زمبابوے جائے گی۔ فوٹو : فائل

آئی سی سی نے پاکستانی پلیئرز کو مستقبل میں اسمارٹ واچز نہ پہننے کی تنبیہ کرتے ہوئے معاملہ ختم کر دیا۔

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے لارڈز میں پاکستانی صحافیوں کے ساتھ غیررسمی گفتگو میں کہا کہ ہمارے اینٹی کرپشن یونٹ کو یہ بات نہیں پتا تھی کہ دوران میچ اسمارٹ واچز پہننے پر پابندی ہے، انھوں نے آئی سی سی اے سی یو سے پوچھا وہ بھی اس حوالے سے نہیں جانتے تھے ، پھر چیک کر کے ہمیں بتایا کہ کوئی بڑی بات نہیں ہے ، بس آپ اپنے کھلاڑیوں سے کہیں کہ یہ گھڑیاں اتار دیں اور مستقبل میں ایسا نہ کریں، ہم نے پھر یہی کیا، یہ معاملہ اب حل ہو چکا ہے۔

ایک سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اگست میں آئرلینڈ سے نائٹ ٹیسٹ کی تجویز سامنے آئی تھی، ہم نے اس حوالے سے انھیں خط بھی تحریر کیا لیکن دونوں ٹیموں کی مصروفیات کے سبب آئندہ سال تک مزید میچز ہونا ممکن نہیں ہیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ رواں برس ٹی ٹین لیگ کا انعقاد ہماری ہوم سیریز کے فوری بعد ہو گا اس لیے ممکن ہے کہ ہمارے کھلاڑی دستیاب نہ ہوسکیں، ویسے بھی ہم نے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کیلیے سخت پالیسی بنائی ہے جس کے تحت وہ سال میں 2 لیگز ہی کھیل سکتے ہیں۔

کوچ مکی آرتھر کا اس حوالے سے سخت موقف ہے، وہ جہاں سمجھیں کہ کسی پلیئر کو آرام کی ضرورت ہے تو ہم اسے لیگ میں جانے سے روک سکتے ہیں،البتہ اگر کوئی کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لے اور کوچ کو اعتراض نہ ہو تو کمیٹی سے اجازت لے کر مزید لیگز کھیل سکتا ہے،انھوں نے کہا کہ جون، جولائی میں شیڈول دورئہ زمبابوے کو کوئی خطرات لاحق نہیں اور ٹیم شیڈول کے مطابق وہاں جائیگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں