وفاقی کابینہ کا آج الوادعی اجلاس ہوگا اہم فیصلے متوقع

وزیراعظم کی تنخواہ بڑھنے،3سابق جرنیلوں کے خلاف کارروائی زیرغورآنے کاامکان


سردار سکندر May 31, 2018
وزیراعظم کی تنخواہ بڑھنے،3سابق جرنیلوں کے خلاف کارروائی زیرغورآنے کاامکان۔ فوٹو : فائل

PESHAWAR: وفاقی کابینہ کاالوادعی اجلاس آج جمعرات کو ہوگا جس میں وزیراعظم کی تنخواہ میں اضافے سمیت بعض اہم فیصلے متوقع ہیں جبکہ تین سابق جرنیلوں کیخلاف کارروائی کامعاملہ بھی زیرغورآنے کاامکان ہے۔

چندروزقبل کابینہ نے صدرکی تنخواہ میں100فیصداضافے کیساتھ 8لاکھ 46ہزار550روپے مقررکرنے کی منظوری دی تھی۔ اگرچہ یہ واضح نہیں کہ وزیراعظم کی تنخواہ کتنی بڑھائی جارہی ہے تاہم ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم کی تنخواہ کاآخری اجلاس کے معاملہ ایجنڈے کاحصہ ہے۔

اجلاس میں دوریٹائرڈجرنیلوں کیخلاف کارروائی کیلئے لائحہ عمل اورتیسرے کیخلاف عدالت کے قیام کے بعض اہم معاملات بھی زیرغورآئیں گے ۔ حکومت میں بعض حلقے اس بات کے حق میں ہیں کہ وفاقی کابینہ کو پرویزمشرف کیخلاف غداری کے مقدمے کیلئے خصوصی عدالت کے قیام کے علاوہ جنرل (ر)اسلم بیگ اورلیفٹیننٹ جنرل (ر)اسددرانی کیخلاف کارروائی کیلئے لائحہ عمل وضع کرناچاہیے جس کاسپریم کورٹ نے حکم دے رکھاہے۔

سینئرحکومتی عہدیداروں کاخیال ہے کہ حکومت کویہ تاثرنہیں دینا چاہیے کہ وہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجودتینوں سابق جرنیلوں کیخلاف کارروائی سے ہچکچارہی ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے چندسینئررہنماؤں کاموقف ہے کہ حکومت کواصغرخان کیس میں زیادہ آگے جانے سے گریزکرناچاہیے کیونکہ یہ معاملہ پارٹی کے قائدنوازشریف کیلئے ہزیمت کاباعث بن سکتاہے۔

ان رہنماؤں کاکہناہے کہ یہ معاملات اگلی حکومت پر چھوڑ دینے چاہئیں۔ایک سینئرحکومتی عہدیدارنے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پربتایاکہ کابینہ کے ارکان کی اکثریت اصغر خان کیس کوچھیڑنے کے حق میں نہیں تاہم وہ مشرف کیخلاف خصوصی عدالت کی تشکیل کے حامی ہیں تاکہ اس تاثرکوزائل کیاجائے کہ اس حوالے سے وفاقی حکومت کی پالیسی اورنوازشریف کے موقف سے انحراف کیاگیا۔

واضح رہے کہ آٹھ مئی کوسپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کواصغرخان کیس کے فیصلے کی روشنی میں اسلم بیگ اوراسددرانی کیخلاف کارروائی کے لائحہ عمل کیلئے ایک ہفتے کاوقت دیاتھا۔

عدالت نے اس ضمن میں اٹارنی جنرل کی طرف سے دوہفتے کی مہلت دیئے جانے کی درخواست مستردکرتے ہوئے کہاتھاکہ وفاقی حکومت کی مدت31مئی کوپوری ہورہی ہے لہذاکابینہ کاخصوصی اجلاس بلاکرمعاملے پرفیصلہ کیاجائے۔

علاوہ ازیں سات اپریل کوچیف جسٹس نے پرویزمشرف کیخلاف مقدمے کی سماعت کیلئے لاہورہائی کورٹ کے چیف جسٹس یاورعلی کی سربراہی میں خصوصی عدالت کی دوبارہ تشکیل تجویز کی تھی لیکن حکومت کی طرف سے ابھی اس ضمن میں باضابطہ نوٹیفیکشن جاری نہیں کیاگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں