گلیشیئر پگھلنے سے دریاؤں کی سطح بلند

اسکردو میں درجہ حرارت 32 ڈگری ہوگیا، دریاؤں میں پانی کی آمد 2 لاکھ 90 ہزار کیوسک ہوگئی


Numainda Express June 05, 2018
پنجاب 93 ہزار، سندھ 85 ہزار، بلوچستان 14 ہزار، کے پی کا کوٹا 3100کیوسک کر دیا، ارسا۔ فوٹو:فائل

پہاڑوں پر گلیشئر پگھلنے سے دریاؤں میں پانی کی آمد میں اضافہ ہواہے اور ارسا نے صوبوں کو پانی کا مکمل کوٹا فراہم کرنا شروع کر دیا۔

ترجمان ارسا نے بتایاکہ اسکردو میں درجہ حرارت 32 ڈگری تک پہنچ گیاجو ماہ جون میں سب سے زیادہ ہے۔ درجہ حرارت میں اضافے کے بعد دریائے سندھ اور دریائے کابل میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوا۔

ترجمان کے مطابق دریاؤں میں پانی کی آمد بڑھ کر 2 لاکھ 40 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے جو 26 مئی کو ایک لاکھ 8 ہزار کیوسک تھی۔ دریاؤں میں پانی کی آمد میں نمایاں اضافے کے بعد ارسا نے صوبوں کو انکے حصے کاپورا پانی فراہم کرنا شروع کردیا۔

ارسا ترجمان کے مطابق پنجاب کو پانی کی فراہمی 69 ہزار 200 کیوسک سے بڑھاکر 93 ہزار200 کیوسک کردی گئی،سندھ کا کوٹا 60 ہزار کیوسک سے بڑھاکر85 ہزارکیوسک اور بلوچستان کا کوٹا 8 ہزار کیوسک سے بڑھا کر 14 ہزار کیوسک کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق خیبرپختونخوا کو 3 ہزار 100 کیوسک پانی فراہم کیاجارہا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ درجہ حرارت میں اضافے کے بعد پانی کی آمد کو کنڑول کرنے کیلئے ڈیموں میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ صوبوں کی ضروریات پوری ہونے کے بعد پانی ڈیموں میں ذخیر ہ کیا جارہا ہے اور گزشتہ چار دنو ں میں پانی کا ذخیر 0.207 ملین ایکڑ فٹ سے بڑھ کر 0.373 ملین ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں