پی ٹی آئی حکومت صحت کارڈ کو قانونی شکل نہ دے سکی

13 اپریل کوصحت انصاف کارڈ کو قانونی شکل دینے کا بل پیش کیا مگر منظوری نہ لی جا سکی


Shahid Hameed June 05, 2018
کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی، صوبائی محتسب ترمیمی بل بھی منظور نہ ہوسکے۔ فوٹو : فائل

5 سالہ آئینی مدت پوری کرنے کے بعد28 مئی کوتحلیل ہونیوالی خیبر پختونخوا اسمبلی صحت انصاف کارڈزکے نظام کوقانونی شکل دینے کیلیے پیش کردہ بل سمیت19بل ایوان میں پیش کرنے کے باوجودمنظورکرائے بغیر ہی رخصت ہو گئی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی 2013-18کے درمیان اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کرتے ہوئے تحلیل ہوگئی ہے تاہم اس دوران حکومت کی جانب سے ایوان میں لائے جانے والے کئی اہم بل منظورنہیں کرائے جاسکے۔

مذکورہ بلوں میں اہم ترین تحریک انصاف حکومت کے اہم ترین منصوبہ صحت انصاف کارڈز سے متعلق ہے جس کے باعث مذکورہ پروگرام کو قانونی شکل نہیں مل پائی ،صوبائی حکومت مزید جو بل ایوان میں لانے کے باوجود منظور نہیں کراپائی ان میں لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل ،پاورز آف اٹارنی ترمیمی بل، مخصوص ریلیف ترمیمی بل،جوڈیشل اکیڈمی ترمیمی بل،دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی سے متعلق ترمیمی بل،جنگلی حیات وبائیوڈائیورسٹی ترمیمی بل،ایم اینڈ ای سسٹم کے ملازمین کی تقرری سے متعلق بل،پی اینڈڈی محکمہ کے ملازمین کی استعدادکار میں اضافہ سے متعلق بل،انرجی اینڈپاورریگولرائزیشن آف سروسز بل،لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل،کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی بل ،صوبائی محتسب ترمیمی بل ، لینڈ ایکوزیشن ترمیمی بل،زکوٰہ انٹرنل آڈٹ سٹاف ریگولرائزیشن آف سروسز بل ،ہندو پراپرٹی پرفیصلے سے متعلق بل،زرعی ادویات بل ،کے پی سیڈز بل اورپودوں کی افزائس کے حقوق سے متعلق بل شامل ہیں۔

اس دوران صوبائی حکومت نے2014 میں نجی قرضوں پر سود کی روک تھام کے لیے پیش کردہ اور 2016 میں سنسر بورڈ کے قیام سے متعلق بل واپس لیے تاہم دونوں بلوں کی بعدازاں نجی بلوں کے طور پرمنظوری لی گئی۔

اسمبلی میں چار بل کمیٹی کے حوالے کیے گئے جن میں نشہ آور اشیا کی روک تھام،سوسائٹیز رجسٹریشن ،تماکو کے استعمال پر پابندی اورشادی بیاہ کے مواقعوں پر اخراجات کو کنٹرول کرنے سے متعلق بل شامل ہیں جن میں سے پہلے تین بل کمیٹیوں کے پاس ہی پڑے رہ گئے تاہم شادی بیاہ کے مواقعوں پر اخراجات کو کنٹرول سے متعلق بل کی بعدازاں منظوری دے دی گئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں