خاتون کے قتل کے الزام میں شوہر اور جیٹھ گرفتار

صبا خود کشی نہیں کر سکتی، وہ بہن کی شادی کی تیاریوں میں مصروف تھی، والد


Staff Reporter June 05, 2018
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد صورتحال واضح ہو جائیگی، پولیس۔ فوٹو:فائل

پولیس نے خاتون کے قتل کے مقدمے میں شوہر اور جیٹھ کو گرفتار کر کے دیگر سسرالیوں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔

سرسید ٹاؤن سیکٹر الیون اے بنگلہ نمبر A-825 میں رہائش پذیر 25 سالہ صبا زوجہ اکرم شاکر نے ہفتے کو چھت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی تھی تاہم متوفیہ کے والد نے اس بات کو ماننے سے صاف انکار کر دیاکہ ان کی بیٹی نے خودکشی کی ہے۔

متوفیہ کے والد محمد صادق نے بتایا کہ ان کی بیٹی صباکی شادی 13 فروری 2014 کواکرم شاکر سے ہوئی تھی جس کے بعد اس کے سسرال والے اسے سانولی رنگت اوردھوکادینے کے طعنے دیتے تھے ،انھوں نے بتایا کہ 2 جون کو ساڑھے پانچ بجے میری بیٹی کے جیٹھ خرم نے فون کر کے بتایا کہ صبا نے چھت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی اورجب میں اس کے گھرپہنچاتومجھے بتایاگیاکہ تہماری بیٹی کو آغا خان اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ انتقال کرگئی ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ عیدالفطر کے بعد 27 جون کومیری دوسری بیٹی کی شادی ہے اورصبا شادی کی تیاریوں میں مصروف اور بہت خوش تھی میں کیسے مان لوں کہ اس نے خودکشی کرلی ہے۔

ایس ایچ او سرسید انسپکٹر جاوید سکندر نے بتایا کہ پولیس نے متوفیہ صبا کے والد کی مدعیت میں اس کے شوہر کے علاوہ ساس ، جیٹھ اور جیٹھانی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا جبکہ پولیس نے مقتولہ کے شوہر اکرم اور اس کے بھائی خرم کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ واقعہ خودکشی ہے تاہم انویسٹی گیشن پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہو جائیگی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں