حکام کی غفلت سے پی آئی اے کے 2 طیارے گراؤنڈ

آندھی کے دوران ایک طیارے کا انجن جبکہ دوسرے طیارے کے کارگو گیٹ کو نقصان پہنچا۔


آفتاب خان June 07, 2018
پی آئی اے کو کروڑوں روپے کا نقصان برادشت کرنا پڑے گا، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ فوٹو: فائل

سول ایو ی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے کے شعبہ سیفٹی اینڈ کوالٹی ایشورنس کی غفلت، خراب موسم ،آندھی اور تیز ہواؤں کے پیشگی انتظامات کے فقدان کی وجہ سے پی آئی اے کے 2 طیارے فضائی آپریشن سے باہر ہو گئے۔

لاہور میں موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کے دوران علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے بے نمبر 13 کی پارکنگ میں کھڑے قومی ایئر لائن کے اے تھری ٹوینٹی اور اے ٹی آر طیاروں سے ایمبولفٹر (وہیل چیئر کے مسافروں کو جہازوں پر پہنچانے والی لفٹ) اور مسافروں کو جہازوں سوار کرنے والی سیڑھی ٹکرا گئی جس کی وجہ سے ایک طیارے کا انجن جبکہ دوسرے طیارے کے کارگو گیٹ کو نقصان پہنچا اور دونوں متاثرہ جہازوں کو گراؤنڈ کر دیا۔

ذرائع کا کہناہے کہ قومی ایئرلائن کے دونوں طیاروں کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگانے اور اس واقعے کی وجوہ اور پس منظر کے حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے مگر یہ بات طے شدہ ہے کہ خراب موسم کی کئی گھنٹے قبل پیش گوئی کے باوجود بروقت انتظامات نہ کرنے کا ذمے دار پی آئی اے کا شعبہ سیفٹی اینڈکوالٹی ایشورنس جبکہ سول ایو ی ایشن ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد اور لاہور سمیت کئی شہروں میں مغربی سسٹم کی وجہ سے غیرمعمولی ہواؤں اور تیز بارشوں کی پیش گوئی محکمہ موسمیات نے کردی تھی۔

ماہرین کا کہناہے کہ ایسی صورتحال میں بین الاقوامی قوانین کے مطابق 70کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے بعد ایئر پورٹ پر کھڑے جہازوں اور گراؤنڈ ہینڈلنگ میں استعمال ہونے والے دیگر آلات کے ساتھ وزن باندھنا لازمی ہوجاتاہے جبکہ ان تمام چیزوں کو جو تیز ہواؤں اور خراب موسم کے دوران کے جہازوں سے ٹکراسکتی ہیں ان کو رن وے، ایپرن یا دیگر مقامات سے ہٹادیا جاتا ہے مگر جس وقت لاہور میں تیز آندھی چلی تو ہواؤں کی رفتار 115کلومیٹرفی گھنٹہ تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی و جہ متاثرہ جہازوں کی مرمت جبکہ ان دونوں جہازوں کی منسوخ ہونے والی پروازوں سے پہلے سے مالی خسارے سے دوچار پی آئی اے کو کروڑوں روپے کا نقصان برادشت کرنا پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں