پی ایس او کے دیگر اداروں پر واجبات 314 ارب ہوگئے

پاور سیکٹر 270ارب روپے کے ساتھ سرفہرست نادہندہ، پی آئی اے،سوئی ناردرن بھی مقروض


علیم ملک June 08, 2018
پاکستان اسٹیٹ آئل کو بھی ریفائنریوںوایل این جی کے81ارب 50کروڑ دینا ہیں، دستاویز۔ فوٹو؛ فائل

مختلف اداروں کی جانب سے پاکستان اسٹیٹ آئل کو عدم ادائیگیوں سے ادارے کی مشکلات میں اضافہ ہوگیاہے، پی ایس او کے مختلف اداروں کے ذمے واجبات 314ارب روپے تک پہنچ گئے، پاور سیکٹر بدستور نادہندگان کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔

دستاویز کے مطابق مختلف اداروں کی جانب سے تیل کی عدم ادائیگیوں کی وجہ سے پی ایس او کی مالی مشکلات میں اضافہ ہو رہاہے، پی ایس او کے واجبات میں یومیہ بنیادوں پر اضافہ ہورہاہے، پاور سیکٹر سمیت مختلف اداروں نے پی ایس او کو 314 ارب روپے ادا کرنے ہیں۔

31مئی کو پی ایس او کے بقایاجات 307ارب روپے سے زائد تھے جن میں 6روز میں 7ارب روپے کا اضافہ ہوا،31مئی کو پاور سیکٹر نے پی ایس او کو 265ارب روپے اداکرنے تھے جو اب بڑھ کر 270ارب روپے ہوچکے ہیں۔

دستاویز کے مطابق بجلی پیداکرنے والی سرکاری کمپنیوں جنکوز نے پی ایس او کو 154ارب 60 کروڑ روپے دینے ہیں، حب پاور کمپنی (حبکو) نے پی ایس او کو 76ارب روپے ادا کرنے ہیں جبکہ کوٹ ادو پاور کمپنی 38ارب 60کروڑ روپے کی نادہندہ ہے۔

پی آئی اے پاکستان اسٹیٹ آئل کی 16ارب 40کروڑ روپے کی نادہندہ ہے جبکہ پرائس ڈیفرنشل کلیمز کی مد میں پی ایس او نے 9ارب 60کروڑ روپے وصول کرنے ہیں۔

دستاویز کے مطابق پی ایس او نے ایل این جی کے واجبات کی مد میں سوئی ناردرن گیس کمپنی لمٹیڈ سے 17ارب 70کروڑ روپے وصول کرنے ہیں، 31 مئی کو یہ رقم 16ارب 50کروڑ روپے تھی، عدم ادائیگی کی وجہ سے پی ایس او کی مالی مشکلات میں اضافہ ہورہاہے اور پی ایس او پر بھی واجبات 81ارب 50کروڑ روپے تک پہنچ گئے ہیں۔

پی ایس او نے پاک عرب آئل ریفائنری کو 7ارب 70کروڑ روپے ادا کرنے ہیں، پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کو پی ایس او نے ڈھائی ارب روپے اور نیشنل ریفائنری لمیٹڈ کو 1ارب 40 کروڑ دینے ہیں، پی ایس او اٹک آئل ریفائنری کا 2ارب 40کروڑ روپے اور بائیکو پٹرولیم کا 2 ارب 60کروڑ روپے کا نادہندہ ہے، پی ایس او نے اینار کو بھی 90کروڑ روپے دینے ہیں، ایل سی ، کے پی سی، ایل این جی ادائیگیوں کی مد میں 64ارب روپے ادا کرنے ہیں۔

اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر سیکریٹری پاور ڈویژن نے ''ایکسپریس'' کو بتایاکہ پاور ڈویژن نے اپنے واجبات میں سے پی ایس او کو کافی رقم اداکر دی ہے اور بقایارقم بھی جلد کلیئر کر دی جائے گی۔ انھوںنے بتایاکہ پاور سیکٹر کی جانب سے ادائیگیاں کی جارہی ہیں تاہم ساری رقم ادا کرنے میں وقت لگے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں