کپتان کے مدمقابل 100 سالہ خاتون کے کاغذات نامزدگی واپس

خاتون کے پاس فیس کی مد میں 30 ہزار روپے جمع کرانے کے بجائے صرف تین ہزار روپے تھے


احتشام بشیر June 12, 2018
معمر خاتون حضرت بی بی اس سے پہلے بھی 5 بار الیکشن میں حصہ لے چکی ہیں (فوٹو: ایکسپریس)

عام انتخابات میں بنوں سے عمران خان کے مدمقابل 100 سالہ خاتون امیدوار کے کاغذات نامزدگی رقم نہ ہونے کے باعث واپس ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انتخابی میدان میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے مقابلے میں بنوں سے 100 سالہ خاتون حضرت بی بی سامنے آئیں اور انہوں نے عمران خان کے مقابلے میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 اور پی کے 89 کے لیے کاغذات جمع کرائے۔

آج حضرت بی بی کے پاس فیس کی رقم نہ ہونے کے سبب ان کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن نے واپس کردیے، خاتون کے پاس فیس جمع کرانے کے لیے 30 ہزار روپے کے بجائے صرف 3 ہزار روپے تھے۔ کاغذات واپس ہونے کے بعد اب وہ انتخاب لڑنے کی اہلیت سے محروم ہوگئیں۔

قبل ازیں خاتون 5 بار الیکشن میں حصہ لے چکی ہیں، اس بار بھی انہوں ںے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ اگر وہ الیکشن میں کامیاب ہوئیں تو لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں گی اور حلقے کے عوام کی خدمت کریں گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں