فٹبال ورلڈکپ میں برازیل نے انجری ٹائم میں کوسٹاریکاکا دفاعی حصار توڑ دیا، 90 منٹ تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہنے پر فاضل وقت میں فلیپی کوٹنہو اور نیمار نے گیندکو جال کی راہ دکھاتے ہوئے ٹیم کو غیر متوقع فتح دلائی،5میگا ایونٹس جیتنے والی ٹیم کو پیش قدمی جاری رکھنے کیلیے سربیا کیخلاف میچ بھی جیتنا ہوگا۔
گروپ ''ڈی'' میں نائیجیریا نے بھی فتح کا مزا چکھتے ہوئے آئس لینڈ کو 2-0سے مات دیدی، پہلے ہاف میں دونوں ٹیموںنے مواقع ضائع کیے، احمد موسیٰ نے وقفے کے بعد اور پھر 75 ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے جیت یقینی بنائی،ناکام ٹیم پنالٹی ملنے کے باوجود خسارہ کم نہیں کرسکی۔تفصیلات کے مطابق فٹبال ورلڈکپ گروپ ''ای'' میں برازیل کا سوئٹزر لینڈ کے ساتھ پہلا میچ1-1سے برابر رہا تھا، 5بار کی چیمپئن ٹیم کو ایونٹ میں بقا کیلیے جمعے کو کوسٹاریکا کیخلاف لازمی فتح درکار تھی، دونوں ٹیموں کے مابین مقابلہ دلچسپ رہا اور کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر زبردست حملے کیے لیکن کسی کو بھی گول کرنے میں کامیابی نہ ملی،آغاز میں برازیلین کھلاڑی بریان روئز نے موقع گنوایا،فلیپی کوٹنہو کے شاٹ پر گیندگول پوسٹ کے اوپر سے گزری،نیمار کی فری کک بھی بے کار گئی،جوابی حملے میں بورگیس نے گیند باہر پھینک دی۔
نیمار نے وقفے وقفے سے ملنے والی فری ککس ضائع کیں، فلیپی کوٹنہو بھی عمدہ پاسز کو گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے، پہلے ہاف کا اختتام بغیر کسی گول کے ہوا،دوسرے سیشن میں گیبریل جیسز نے ایک موقع تخلیق کیا لیکن نشانہ چوک گیا،نیمار کے 2حملے گول کیپر نیواس نے ناکام بنائے، فارورڈ نے72ویں منٹ میں گامبوآ سے گیند چھینی لیکن اسے جال میں نہیں پہنچا سکے،90منٹ کا کھیل مکمل ہونے کے بعد انجری ٹائم کے6منٹ دیے گئے جس کا برازیل نے بھرپور فائدہ اٹھایا، پہلا گول91 ویں منٹ میں فلیپی کوٹنہو نے کیا، 97ویں منٹ میں نیمار نے دوسرا گول داغ کر ٹیم کو 2-0سے برتری دلادی،اچانک تابڑ توڑ حملوں پر بوکھلاہٹ کا شکار کوسٹاریکا کی ٹیم منہ دیکھتی رہ گئی اور برازیل نے فتح سمیٹ لی۔
البتہ ابھی برازیل کی تشویش ختم نہیں ہوئی،پیش قدمی جاری رکھنے کیلیے اسے سربیا کیخلاف اگلا میچ بھی جیتنا ہوگا۔ دوسری جانب گروپ ''ڈی'' میں شامل نائیجیریا کو پہلے میچ میں کروشیا کے ہاتھوں شکست کا سامناکرنا پڑا جبکہ آئس لینڈ اور ارجنٹائن کا مقابلہ برابر رہا تھا، گذشتہ روز دونوں ٹیمیں مقابل ہوئیں تو بیشتر نوجوانوں پر مشتمل نائجیریا نے ابتدا میں اچھی مووز بنائیں جنھیں آئس لینڈ کے ڈیفنڈرز ناکام بناتے رہے، برکر نے نائیجرین گول پوسٹ پر زبردست جوابی حملہ کیا لیکن گیند گول پوسٹ کے اوپر سے گزر گئی،31 ویں منٹ میں نائیجیریا فری کک سے فائدہ نہ اٹھا پایا، اسی طرح کا ایک موقع آئس لینڈ نے بھی ضائع کیا، جان بورڈ ورسن کے ایک ہیڈرپر گیندگول پوسٹ کے ایک طرف سے گزر گئی، بالآخر دوسرا ہاف شروع ہوتے ہی احمد موسیٰ نے ایک عمدہ پاس کو کارآمد بناتے ہوئے گول کر دیا، ولفریڈ ندیدی ایک آسان موقع کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔
آئس لینڈ کے رورک گسلاسن کھیل ختم ہونے سے 20 منٹ قبل مقابلہ 1-1 سے برابر کر سکتے تھے لیکن گیند گول پوسٹ کے اوپر سے گزر گئی، نائیجیریا نے دوسرا گول 75 ویں منٹ میں کرتے ہوئے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی، احمد موسیٰ نے ڈیفنڈر اور گول کیپر دونوں کو چکمہ دیتے ہوئے گیندکو جال کی راہ دکھائی، 5 منٹ بعد آئس لینڈ نے ریویو کی مدد سے پنالٹی حاصل کر لی لیکن گائلفی سگرڈسن اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے، میچ کا اختتام نائیجیریا کی 2-0 سے فتح کے ساتھ ہوا۔