قطر نے پاکستانی خوراک کی درآمد بڑھانے کا فیصلہ کرلیا

وزیرتجارت اعلیٰ سطح کا وفد لے کرآئندہ ماہ آئیں گے، شمشاداخترسے بھی ملاقات متوقع


علیم ملک June 23, 2018
نجی شعبے کی سطح پرپھل، سبزیوں، پولٹری، ڈیری ودیگر اشیا پر بات کی جائیگی،ذرائع۔ فوٹو: فائل

قطر نے عرب ممالک کی جانب سے عائد پابندیوں کے بعد پاکستان سے اشیائے خوردونوش کی مصنوعات کی درآمدات بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق عرب ممالک کی جانب سے قطر پر پابندیاں عائد کرنے کے بعد قطر کو کافی مشکلات کا سامنا ہے اور اس صورتحال سے نمٹنے اور اپنی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دوحہ نے دیگر مسلم ممالک سے درآمدات بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قطر نے پاکستان سے اشیائے خوردونوش کی درآمدات بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں قطر کے کاروباری افراد پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد اپنے وزیر تجارت کی سربراہی میں جولائی کے پہلے ہفتے میں پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے گا۔

ذرائع کے مطابق قطری وفد میں مختلف بڑی کمپنیوں کے نمائندگان شامل ہوں گے جو یہاں پر مختلف بڑی کمپنیوں اور تاجربرادری سے مصنوعات کی درآمد کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق قطر کی جانب سے پاکستانی مصنوعات کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا تھا اور کاروباری افراد کے دورے کے بعد ہی حکومتی سطح پر بھی اس سلسلے میں پیش رفت کا امکان ہے۔ یہ 2 روزہ مذکرات نجی شعبے کی سطح پر ہوں گے تاہم وزارت تجارت ان مذکرات کے لیے تعاون فراہم کرے گی، وفد کی نگراں وزیر تجارت شمشاد اختر سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق قطری وفد کا یہ دورہ انتہائی اہم ہے کیونکہ قطر میں اشیائے خوردونوش کی مصنوعات کی بہت کھپت ہے اور قطر پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے بڑی منڈی ثابت ہوسکتاہے، وفد گوشت، پھل، سبزیوں، پولٹری وپولٹری مصنوعات، محفوظ شدہ خوراک، دودھ و ڈیری مصنوعات اور دیگر اشیائے خوردونوش کی پاکستان سے قطر کو برآمدات بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال پاکستان کی قطر کو برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جولائی سے جنوری تک قطر کو پاکستانی برآمدات میں 64فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا، مذکورہ دورے کے بعد پاکستانی برآمدات میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔