غیر ملکی اسنوکر کھلاڑیوں نے خود کو نظر بند قرار دے دیا

منتظمین نے سیکیورٹی کو بنیاد بناکر ہوٹل تک محدود کر دیا، پلیئرز کی شکایت.


منتظمین نے سیکیورٹی کو بنیاد بناکر ہوٹل تک محدود کر دیا، پلیئرز کی شکایت. فوٹو: فائل

ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں شریک غیر ملکی کھلاڑیوں نے خود کو نظر بند قرار دے دیا ہے۔

بیشتر کھلاڑی اس امر سے شاکی ہیں کہ منتظمین نے سیکیورٹی کو بنیاد بناکر انھیں ہوٹل تک محدود کر رکھا ہے، عالمی چیمپئن محمد آصف کو شکست دینے والے ہانگ کانگ کے لی چھون وائی نے کہا کہ وہ اس کامیابی پر بہت خوش ہیں مگر کراچی کو دیکھنے کی خواہش پوری ہوتی نظر نہیں آتی، چین کے زاو ین تانگ نے کہا کہ میں بہت بوریت محسوس کر رہا ہوں، ہوٹل میں کھیلنے، کھانے اور ورزش تک محدود ہو نے سے کوفت کا سامنا ہے۔



شام کے کرم فاطمہ نے کہا کہ چیمپئن شپ میں شرکت اچھا تجربہ ہے مگر ہمیں ہوٹل سے باہر نہیں جانے دیا جارہا، تخریب کاری اور دھماکے ساری دنیا میں ہو رہے ہیں ، خود ہمارا ملک شام بھی محفوظ نہیں ، منتظمین کھلاڑیوں کو گھومنے پھرنے کی اجازت دیں، افغانستان کے صالح محمد نے کہا کہ پاکستان میرے لیے نیا نہیں مگر پھر بھی مجھے ہوٹل تک محدود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، دریں اثناء رابطے پر فیڈریشن کے صدر عالمگیر شیخ نے کہا کہ ہم کسی بھی صور ت میں سیکیورٹی کا رسک نہیں لے سکتے، یہی وجہ ہے کہ کھلاڑیوں کو ہوٹل سے باہر جانے کی اجازت نہیںدی گئی، البتہ کوئی اپنی مرضی سے شہر میں گھومنا پھرنا چاہے تو یہ اس کی مرضی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں