سوئی ناردرن کو خیبرپختونخوا میں 5 لاکھ کنکشن دینے کی ہدایت

نئے کنکشنز دیتے وقت آبادی کے تناسب کو مدنظر،پائپ لائنز کے منصوبے بھی تیارکیے جائیں


علیم ملک June 29, 2018
صوبے سے نکلنے والی گیس کے تناسب سے کمپنی میں مقامی مین پاورکونمائندگی دی جائے،اوگرا۔ فوٹو: فائل

KARACHI: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمٹیڈ کو خیبرپختوانخوا میں 5 لاکھ نئے گیس کنکشن دینے سمیت آبادی کے تناسب سے نئے کنکشن دینے اورترقیاتی کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دستیاب دستاویز کے مطابق سوئی ناردرن کے زیرانتظام علاقوں میں گیس کے نئے کنکشن فراہم کرتے وقت پنجاب کو خیر پختونخوا کی نسبت ترجیح حاصل ہے اور پنجاب کو آبادی کے 78 فیصد تناسب کے لحاظ سے 84.04فیصد نئے کنکشن فراہم کیے جاتے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا کو 22 فیصد کے حساب سے 15.06 فیصد نئے گیس کنکشن فراہم کیے جاتے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے گیس کے نیٹ ورک والے علاقوں میں ہی مزید گیس کنکشن دیے جانے سے دیگر علاقے مسلسل نظر انداز ہورہے ہیں، وہاں کے صارفین اس سہولت سے مسلسل محروم ہیں۔ سوئی ناردرن گیس کی فراہمی کے منصوبوں میں صوبے کے دوردراز کے علاقوں کو بھی شامل کرے۔ دستاویز کے مطابق گیس کی موجودگی والے علاقوں میں مزید کنکشن دینے کے طریقہ کارسے 2صوبوں کے درمیان تفریق برتی جارہی ہے اور یہ خیبر پختونخوا کے ساتھ نا انصافی بھی ہے۔

دستاویز کے مطابق اوگرا نے سوئی ناردرن کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے زیر اتنظام علاقوں میں گیس کے نئے کنکش دیتے وقت آبادی کے تناسب کو مدنظر رکھا اور خیرپختوانخوا میں اس سال مزید نئے گیس کنکشنوں کی فراہمی کویقینی بنایاجائے۔

خیبرپختونخوا میں گیس کے پریشر کی شدید کمی ہے جس کا تدارک کرنے کے لیے سوئی ناردرن کے پی کے میں پائپ لائنوں کی تعمیر شروع کرنے کے لیے طویل مدتی اور وسط مدتی منصوبے تیار کرے اور ان منصوبوں کے حوالے سے تمام تر تفصیلات خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کے ساتھ بھی شئیر کی جائیں۔

دوسری جانب اوگرا نے کہاہے کہ اتھارٹٰی نے زیر زمین نیٹ ورک کو تبدیل کرنے کے لیے ایک طریقہ کار پہلے سے دیاہوا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنی اس مد میں رکھی گئی رقم کو خرچ کرے۔

دستاویز میں مزید بتایاگیاہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے گیس کمپنی کو ہدایت کی ہے صوبے سے نکلنے والی گیس کے تناسب سے کمپنی میں افرادی قوت کے شعبے میں خیبر پختونخوا کے لوگوں کو زیادہ نمائندگی دی جائے۔ سوئی ناردرن سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی ترقیاتی سرگرمیوں کو صوبوں کے دوردراز کے علاقوں تک بھی پھیلائیں۔

2025 تک کے پی کے سے گیس کی پیدوار 2 ارب معکب فٹ تک پہنچ جانے کا امکان ہے اور اس گیس کی اس مقدارکو استعمال میں لانے کے لیے کمپنی کی جانب سے کوئی نمایاں اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ کمپنی سے اس بات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ سوئی ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ایک نمائندہ بھی شامل کیاجائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں