افراط زر کی شرح جولائی 2007 کے بعد کم ترین سطح پر آگئی

اشیائے خوراک کی قیمتوں میں کمی کے باعث اپریل میں افراط زر کی شرح6.6 سے کم کوہوکر5.8فیصدہوگئی،


Kamran Aziz May 03, 2013
جولائی تااپریل مہنگائی کی شرح9.5کے سالانہ ہدف سے کہیں کم 7.75 فیصد رہی، اسٹیٹ بینک پرسود کی شرح میں کٹوتی کیلیے دبائو میں اضافے کا امکان. فوٹو فائل

SWAT: پاکستان میں افراط زر کی شرح گزشتہ5 سال 9ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی۔

اپریل میں صارف قیمتوں میں اشاریے کی بنیاد پر افراط زر کی شرح 5.8 فیصد جبکہ رواں مالی سال کے ابتدائی 10ماہ کے دوران 7.75 فیصد رہی جو9.5فیصد کے سالانہ ہدف سے کہیں کم ہے، افراط زر میں کمی کے بعد اسٹیٹ بینک پر سود کی شرح میں کٹوتی کے لیے دبائو میںاضافے کاامکان ہے۔ واضح رہے کہ اپریل میں افراط زر کی شرح جولائی 2007 میں6.4 فیصد انفلیشن کے بعد سے کم ترین سطح ہے جس کی بڑی وجہ گزشتہ ماہ کھانے پینے کی اشیا میں کمی بنی، اس دوران ٹماٹر، انڈے، دال چنا، آلو،گندم، کابلی چنا، بیسن اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی۔



پاکستان بیوروشماریات کے مطابق گزشتہ ماہ ماہانہ بنیادوں پر انفلیشن میں 1.1فیصد اضافہ ہوا جومارچ میں 0.4 فیصد اور اپریل 2012 میں 1.8فیصد بڑھا تھا۔ مارچ میں انفلیشن ریٹ 6.6 فیصد اور اپریل 2012 میں 11.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا، ایس پی آئی کی بنیاد پر انفلیشن اپریل 2012 میں7.53 فیصد کے مقابل گزشتہ ماہ 6.56 فیصد اور جولائی تااپریل 2013 میں 7.86 فیصدرہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 6.72 فیصد رہاتھا، اسی طرح ہول سیل پرائس انڈیکس (ڈبلیوپی آئی) کی بنیاد پر انفلیشن ریٹ گزشتہ ماہ 6.80 فیصد اور جولائی سے اپریل تک 7.91 فیصد رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں