الیکشن ڈیوٹی سے غیرحاضر4ہزارملازمین کے وارنٹ جاری

خواتین سمیت تمام ملازمین کوگرفتارکرکے ریٹرننگ افسران کے روبرو پیش کرنیکاحکم


رجب علی May 03, 2013
خواتین سمیت تمام ملازمین کوگرفتارکرکے ریٹرننگ افسران کے روبرو پیش کرنیکاحکم فوٹو: فائل

لاہور کے13ریٹرننگ افسران نے الیکشن ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے والے، خواتین سمیت 4ہزار ملازمین کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو حکم دیاہے کہ وہ انھیں پابند کرکے یا گرفتار کرکے ان کے روبرو پیش کریں۔

ریٹرننگ افسران نے مردحضرات کے ناقابل ضمانت جبکہ خواتین کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور متعلقہ ایس ایچ اوز کو غیرحاضر عملے کی لسٹیں بھی بھجوادیں۔ قومی اسمبلی کی 13 اور صوبائی اسمبلی کی 25نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے لیے مقرر کیے گئے عملے کو ٹریننگ کے لیے طلب کیاجا رہاہے اور وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔



جبکہ 4ہزار ملازمین نے تاحال رپورٹ نہیں کی۔ معلوم ہواہے کہ اکثر ممبران نے ڈیوٹی پر پیش ہونے سے انکارکردیا ہے اور انھوں نے اپنے موبائل فون بھی بند کررکھے ہیں۔ ان افراد نے غیرحاضری کی کوئی وجوہ بھی متعلقہ ریٹرننگ افسران کو نہیں بھجوائی جس پر ڈی آر نے تمام ریٹرننگ افسران کو غیرحاضر عملے کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیاردیتے ہوئے کارروائی کا حکم دیاہے۔

جبکہ یہ بھی کہا گیاہے کہ اگر وہ وارنٹ گرفتاری کے باوجود ڈیوٹی پر حاضر نہ ہوں تو ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ڈی آراوکی ہدایت پر 13ریٹرننگ افسران نے ایسے غیرحاضر 4ہزار ملازمین کے قابل ضمانت و ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انھیں آج بروز جمعہ ہرصورت پیش کرنے کا حکم جاری کیاہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔