بلندیوں کو چھونے کا عزم شاہینوں کے پہاڑوں پر ڈیرے

فیلڈنگ ڈرلزوکیچنگ پریکٹس ہوئی، میاندادبھی موجود رہے،وسیم آج رہنمائی کرینگے،موسم اوراسٹیڈیم سب شاندار ہیں


ایبٹ آباد: پہاڑوں میں گھرے خوبصورت کرکٹ اسٹیڈیم میں تربیتی کیمپ کے پہلے روز پلیئرز ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ فوٹو: پی سی بی

بلندیوں کو چھونے کا عزم لیے پاکستانی شاہینوں نے پہاڑوں پرڈیرے ڈال دیے۔

چیمپئنز ٹرافی کیلیے منتخب اسکواڈ میں شامل کرکٹرز ایبٹ آباد کے پُرفضا مقام پر پہنچتے ہی سفر کی تھکاوٹ بھول گئے، رخصت پر جانے والے جنید خان کے سوا تمام کھلاڑیوں نے آمد کے چند گھنٹے بعد ہی اسٹیڈیم میں ٹریننگ شروع کردی، کوچ ڈیوواٹمور نے ٹیم کے دیرینہ مسئلے کو پیش نظر رکھتے ہوئے سب سے پہلے فیلڈنگ ڈرلز اور کیچنگ پریکٹس کرائی،ان کے مطابق6 روزہ کیمپ کے بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوشش کرینگے، امید ہے کہ اس دوران ہر لحاظ سے تیاری مکمل کرکے آئرلینڈ روانہ ہوں گے، انھوں نے سرسبز وادیوں میں گھرے وینیو کو تربیت کیلیے بہترین قرار دینے کے ساتھ یہ بھی واضح کردیا کہ انگلینڈ میں ہوم گرائونڈ سے مختلف کنڈیشنز کی توقع کی جاسکتی ہے۔

دریں اثنا سابق اسٹار و ڈی جی بورڈ جاوید میانداد بھی پہلے روز کیمپ میں موجود رہے، سابق پیسر وسیم اکرم بولرز کی صلاحیتیں نکھارنے کا سلسلہ ہفتے سے شروع کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق ایک یوم کی رخصت پر جانے والے فاسٹ بولر جنید خان کے سوا چیمپئنز ٹرافی کیلیے منتخب 15رکنی اسکواڈ میں شامل تمام قومی کرکٹرز اور اُبھرتے ہوئے5پیسرز نے ایبٹ آباد میں ڈیرے ڈال دیے،کھلاڑی سطح سمندر سے4ہزار فٹ کی بلندی پر واقع کرکٹ اسٹیڈیم پہنچے تو پُرفضا مقام نے ایسا سحر طاری کیا کہ سفر کی ساری تھکاوٹ بھول کر چاق و چوبند ہوگئے، قومی کرکٹ ٹیم کے دیرینہ مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے کوچ ڈیو واٹمور نے پہلے سیشن کا آغاز ہی فیلڈنگ ڈرلز اور کیچنگ پریکٹس سے کیا، کھلاڑی کوچ کی ہدایات کے مطابق ہر سرگرمی میں بڑی توجہ اور جوش و جذبے سے شرکت کرتے ہوئے بھرپور توانائی صرف کرتے نظر آئے۔



اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے واٹمور نے کہا کہ حتمی ٹیم کا اعلان ہونے کے بعد کھلاڑی پہلی بار یکجا ہوئے ہیں، تمام امور پر کام کرتے ہوئے 6روزہ کیمپ سے بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوشش کرینگے،امید ہے کہ8 ملکی ٹورنامنٹ سے قبل ون ڈے میچز کیلیے آئرلینڈ روانگی سے قبل ہر ممکن تیاری مکمل ہوجائے گی، انھوں نے کہا کہ گذشتہ 6ماہ کے دوران ٹیم اور کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک مقابلوں میں کارکردگی کو سامنے رکھتے ہوئے موزوں تربیتی پروگرام وضع کیا گیا ہے۔ پاکستان آمد کے بعد پہلی بار ایبٹ آباد میں کسی قومی کیمپ کی کمان سنبھالنے والے کوچ نے کہا کہ موسم اور اسٹیڈیم سب شاندار ہیں، بلندی پر ٹریننگ کا اضافی فائدہ ہوتا ہے، سمندر کے برابر سطح والے میدانی علاقے میں جانے پر زیادہ آکیسجن جذب کرنے کی صلاحیت کھلاڑیوں کا اسٹیمنا بڑھا دے گی، انھوں نے کہا کہ سرسبز پہاڑوں کی آغوش میں واقع وینیو کا انتخاب سرد موسم کی وجہ سے کیا گیا۔

انگلینڈ کی کنڈیشنز سے ہم آہنگی حاصل کرنے کیلیے پچ پر گھاس بھی موجود ہے لیکن ضروری نہیں کہ ہمیں ٹورمیں بھی ہو بہو اسی طرح کا موسم اور پچز پر کھیلنے کا موقع ملے، وہاں حالات قدرے مختلف بھی ہوسکتے ہیں،کوچ نے حال ہی میں کنگ آف اسپیڈ کا اعزاز حاصل کرنے والے احمد جمال کے حوالے سے کہا کہ کیمپ کے میزبان شہر ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کرسکیں۔ دریں اثناء جمعے کو کیمپ میں سابق اسٹار و ڈی جی بورڈ جاوید میانداد بھی موجود رہے،سابق شہرہ آفاق فاسٹ بولر وسیم اکرم ہفتے سے پیسرز کی صلاحیتیں نکھارنے کا سلسہ شروع کریںگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں