ایس ای سی پی جون میں 773 نئی کمپنیاں رجسٹر

گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابل28فیصدزائد،کمپنیوں کی کل تعداد87ہزار622ہو گئی


Waqai Nigar Khusoosi July 06, 2018
گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابل28فیصدزائد،کمپنیوں کی کل تعداد87ہزار622ہو گئی۔ فوٹو: فائل

سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان میں جون کے مہینے میں 773 نئی کمپنیاں رجسٹرکی گئیں۔ یہ تعداد گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 28 فیصد زیادہ ہے۔

ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی کل تعداد 87ہزار 622ہو گئی ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق کمپنیوں کی رجسٹریشن کو آسان بنانے کے لیے کی گئی اصلاحات اور رجسٹریشن کی فیسوں میں نمایاں کمی سے رجسٹریشن کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔

رجسٹریشن حاصل کرنے والی 77 فیصد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹڈ ہیں جبکہ 21 فیصد سنگل ممبر اور 2 فیصد کمپنیوں نے بطور پبلک لسٹڈ، غیر منافع بخش اور ٹریڈ آرگنائزیشزز، لمیٹڈ لائبلٹی اورغیر ملکی کمپنیوں کے طور پر رجسٹریشن حا صل کی۔ اس ماہ سب سے زیادہ رجسٹریشن خدمات کے شعبے میں ہوئی جہاں رجسٹریشن حاصل کرنے والی کمپنیوں کی تعداد 117رہی۔

ٹریڈنگ کے شعبے میں104کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں 94 تعمیرات میں 82 کمپنیاں، سیاحت میں 37 خوراک و مشروبات میں 28 ریئل اسٹیٹ میں 27 انجنیئرنگ میں22 براڈکاسٹنگ اینڈ ٹیلی کاسٹنگ، تعلیم اور ایڈورٹائزنگ اور مارکیٹنگ، ہر ایک شعبے میں 19 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔

کارپوریٹ ایگریکلچرل میں 17 ٹرانسپورٹ، آٹو اینڈ الائیڈ اور ٹیکسٹائل، ہر ایک شعبے میں 16 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ دواسازی میں 15 کمپنیاں، کمیونیکیشن میں 12 صحت میں 11 جبکہ 95 کمپنیوں نے دیگر شعبوں میں رجسٹریشن حاصل کی۔ اس دوران دو غیر ملکی کمپنیاں کراچی میں رجسٹر ہوئیں۔اس دوران 39 مقامی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔

یہ سرمایہ کاری آسٹریلیا، کینیڈا، چین، اردن، سعودیہ عرب، پرتگال، جاپان، سنگا پور، برطانیہ، اور امریکا کے سرمایہ کاروں کی جانب سے ہوئی۔ جون میں سب سے زیادہ کمپنیاں لاہور میں رجسٹر ہوئیں جن کی تعداد 361 ہے جبکہ اسلام آباد میں 255 اور کراچی میں 153 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ پشاور، ملتان، گلگت بلتستان، فیصل آباد، کوئٹہ اور سکھر میں بالترتیب10، 12،17،27، 30 اور 8 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں